دونوں حلقوں میں 9.04 لاکھ درخواستیں موصول، بی ایل اوز کی غفلت سے درخواست گزارپریشان
حیدرآباد، 2 نومبر (سیاست نیوز) محبوب نگر،رنگا ریڈی،حیدرآباد اور ورنگل،کھمم،نلگنڈہ حلقوں میں گریجویٹ ایم ایل سی نشستوں کے لیے ووٹر رجسٹریشن کی مہم آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے اور فارم۔18 کے تحت درخواستیں جمع کرانے کے لیے صرف 4 دن باقی ہیں۔ جاریہ ماہ کی 6 تاریخ تک یہ درخواستیں قبول کی جائیں گی۔ اتوار تک دونوں حلقوں میں ووٹر رجسٹریشن کے لیے جملہ 9.04 لاکھ درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ محبوب نگر-رنگا ریڈی-حیدرآباد حلقے میں موصولہ 4.11 لاکھ درخواستوں میں سے 68,657 کو اہل قرار دیا گیا، 1,672 مسترد کی گئیں اور 3,40,788 زیرِ تفتیش ہیں۔ اسی طرح ورنگل-کھمم-نلگنڈہ حلقے میں 4.93 لاکھ درخواستوں میں سے 1,39,082 کو منظوری دی گئی، 7,526 مسترد کی گئیں اور 3,47,022 درخواستوں کی جانچ جاری ہے۔ایک طرف انتخابی عہدیدار ERO، AERO اور نامزد عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کر کے رجسٹریشن کا فیصد بڑھانے اور درخواستوں کے جلد تصفیے پر توجہ دے رہے ہیں، تو دوسری طرف چند اضلاع میں اس مہم پر بہترین ردعمل ہے جبکہ بعض میں رجسٹریشن کافی کم ہے۔ اس کے علاوہ خصوصی جامع ترمیم کی تحقیقات کے باعث بلاک لیول آفیسرز (BLOs) ایم ایل سی ووٹر دستاویزات پر مطلوبہ توجہ نہیں دے رہے ہیں۔کئی مقامات پر عہدیدار آن لائن رجسٹریشن کی ہدایت دے رہے ہیں، لیکن BLOs کی ذمہ داری ہے کہ وہ آن لائن درخواست دہندگان کے مکانات پر جا کر فیلڈ لیول پر مقامی پتے کی تصدیق کریں۔ تاہم اس طریقہ کار پر عمل نہیں ہو رہا اور BLOs گھروں کا دورہ کرنے کے بجائے آدھار کارڈ و تصاویر واٹس ایپ پر طلب کر رہے ہیں یا مخصوص مقام پر آنے کا کہہ رہے ہیں، جس سے گریجویٹ ووٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔2/i