کانگریس حکومت وعدوں کی عمل آوری پر وائیٹ پیپر جاری کریں : کے سامباشیوراؤ
حیدرآباد ۔ 15 فبروری (سیاست نیوز) سی پی آئی ریاستی سکریٹری و رکن اسمبلی کے سامباشیوراؤ نے کہا کہ گریجویٹ ایم ایل سی انتخابات میں کانگریس کی تائید کا اعلان کیا ۔ انتخابات میں جہاں سی پی آئی کی طاقت ہے وہاں تنہا مقابلہ ‘ماباقی مقامات پر کانگریس سے اتحاد کرکے مقابلہ کا اعلان کیا ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب میںسامباشیوراؤ نے کہا کہ کونسل کی تین نشستوں کے انتخابات ہورہے ہیں۔ سی پی آئی نے گریجویٹ کوٹہ کونسل انتخابات میں کانگریس کی تائید کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹیچرس کوٹہ کے دو کونسل انتخابات کیلئے پارٹی میں مشاورت کرکے قطعی فیصلہ کریگی ۔ انہوں نے کہا کہ سی پی آئی مقامی اداروں کے انتخابات پر ساری توجہ مرکوز کردی ہے۔ انتخابی تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ۔ جہاں پارٹی مستحکم ہے وہاں تنہا مقابلہ کیا جائیگا ماباقی مقامات پر کانگریس سے اتحاد کرکے مقابلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں سی پی آئی نے کانگریس سے اتحاد کیا تھا اور یہ اتحاد کامیاب ہوا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھی حقیقت ہے۔ کانگریس نے عوام سے جو وعدے کئے تھے وہ ابھی تک پورے نہیں ہوئے جس سے حکومت پر عوام میں ناراضگی ہے۔ حکومت عوام سے وعدوں پر وائیٹ پیپر جاری کرے اور وضاحت بھی کرے تب ہی مقامی اداروں انتخابات میں کانگریس کیلئے بہتر رہے گا۔ سامباشیوراؤ نے ایس سی طبقہ کی زمرہ بندی اور بی سی ذات پات کے سروے کا خیرمقدم کیا۔2