گریٹر حیدرآباد ‘2.50 لاکھ افراد مفت برقی سے محروم

   

ڈاٹا انٹری نہ ہونے سے حیدرآباد، رنگاریڈی اور میڑچل کے عوام متاثر
حیدرآباد۔/15 اگسٹ، ( سیاست نیوز) حکومت نے گروہا جیوتی 200 یونٹ تک مفت برقی سربراہ کرنے کی باوقار اسکیم کا اعلان کیا ۔ لاکھوں عوام اس سے استفادہ بھی کررہے ہیں۔ حکومت نے اس اسکیم سے استفادہ کیلئے فوڈ سیکوریٹی کارڈ کو لازمی قرار دیا ہے۔ تمام شرائط کی تکمیل کے باوجود زیرو بلز نہ ملنے سے غریب عوام دشواریوں کا سامنا کررہے ہیں۔ اضلاع حیدرآباد، رنگاریڈی اور میڑچل میں اسکیم کیلئے عوام نے پرجا پالنا پروگرام میں جملہ 19.8 لاکھ درخواستیں داخل کی ہیں صرف جی ایچ ایم سی حدود میں 14.04 لاکھ درخواستیں ملی ہیں جن میں 7.40 لاکھ عوام کو زیرو بل مل رہا ہے جبکہ مزید 2.50 لاکھ عوام اس اسکیم کے اہل ہونے کے باوجود برقی بل آ رہا ہے۔ جب اس پر عہدیداروں سے بات کی گئی تو انہوں نے بتایا کہ ڈاٹا انٹری نہ ہونے سے اسکیم کیلئے اہل عوام کو زیرو بل وصول نہیں ہورہا ہے۔ پرجا پالنا پروگرام میں جلد بازی میں درخواستوں کو آن لائن میں اندراج کیا گیا ۔ برقی عہدیداروں فیلڈ دورہ کرکے برقی صارفین سے ملاقاتیں کررہے ہیں جس پر صارفین ان سے صفر بل وصول نہ ہونے کی شکایت کررہے ہیں۔ اسمبلی بجٹ سیشن میں حکومت سے پیش اعداد و شمار کے مطابق جولائی میں 42.25 لاکھ عوام کو مفت برقی سربراہ کی گئی جس میں حیدرآباد، رنگاریڈی، میڑچل کے حدود میں 7.40 لاکھ عوام کو زیرو برقی بلز وصول ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔2