نئی دہلی: وزیر مملکت برائے خزانہ پنکج چودھری نے آج راجیہ سبھا میں کہا کہ ملک میں گزشتہ تین برسوں میں اوسط مہنگائی کی شرح 5.6 فیصد رہی ہے جبکہ بینچ مارک چھ فیصد ہے ۔ وقفہ سوالات کے دوران ایک ضمنی سوال کے جواب میں چودھری نے کہا کہ 2024 میں افراط زر کی شرح 4.9 فیصد تھی۔ 2004 سے 2014 تک ملک میں مہنگائی کی شرح دوہرے ہندسے میں رہی۔ انہوں نے کہا کہ بعض اوقات موسم اور سپلائی سے متعلق رکاوٹوں کی وجہ سے مہنگائی بڑھ جاتی ہے تاہم اس پر قابو پانے کیلئے اقدامات کیے جاتے ہیں۔ بے روزگاری سے متعلق ضمنی سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ این ایس او کے سروے کے مطابق بے روزگاری کی شرح 3.2 فیصد ہے ۔ چودھری نے کہا کہ جی ایس ٹی ایک ملک ایک ٹیکس کا نظام ہے ۔ جولائی 2017 سے اس کے نفاذ کے بعد ٹیکس کی اوسط شرح 15 فیصد سے کم ہو کر 12 فیصد رہ گئی ہے۔ غریبوں کو مساوی مواقع نہ ملنے سے متعلق ضمنی سوال پر وزیر مملکت نے کہا کہ مودی حکومت ہر شہری کو مساوی مواقع فراہم کرنے کیلئے پابند عہد ہے۔