گستاخانہ بیان کے خلاف ہوڑہ ‘میں پھر تشدد

,

   

پولیس پر سنگباری کے واقعات، کئی علاقوں میں دفعہ 144 نافذ‘ انٹرنیٹ بند
کولکاتہ۔ مغربی بنگال کے ہوڑہ ضلع کے پنچالا بازار میں ہفتہ کو بھی سنگباری اور تشدد کے واقعات کی اطلاع ملی ہے ۔ پولیس نے شرپسندوں کو روکنے کی کوشش کی تو ان پر بھی سنگباری کی گئی ۔ ایسے میں پولیس فورس نے شرپسند عناصر کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے گولے برسائے۔ جمعہ سے مغربی بنگال میں مختلف مقامات پر آتشزنی اور تشدد کے واقعات منظر عام پر آرہے ہیں۔ہوڑہ کے دائرہ اختیار میں البیریا سب ڈویژن میں قومی شاہراہوں، ریلوے اسٹیشن اور ملحقہ علاقوں میں سی آر پی سی کی دفعہ 144 کو 15 جون تک بڑھا دیا گیا ہے۔ کل نماز جمعہ کے بعد مغربی بنگال کے علاوہ دہلی، اترپردیش، جھارکھنڈ، تلنگانہ سمیت کئی ریاستوں میں مظاہرے دیکھے گئے ہیں۔ ریاستی حکومت نے احتیاط کے طور پر جمعہ کی شام ہوڑہ ضلع میں انٹرنیٹ کو معطل کر دیا تھا۔مشتعل لوگوں نے کولکاتہ سے متصل ہوڑہ میں بی جے پی کے دو دفاتر کو نشانہ بنایا۔ پارٹی نے دعویٰ کیا کہ البیڑیا میں ضلع بی جے پی دفتر اور پانچلا واقع دفتر میں توڑ پھوڑ کی اور پھر انہیں آگ کے حوالے کردیا۔ مظاہرین نے ڈومجور تھانے پر بھی حملہ کیا، جس میں 12 پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔ البیڑیا میں پولیس وین اور پولیس بوتھ میں بھی آگ لگا دی۔ یہاں پتھراو سے لے کر بم تک پھینکے گئے۔ پی ٹی آئی کے مطابق، ہوڑہ ضلع میں 13 جون کو صبح 6 بجے تک کے لئے انٹرنیٹ خدمات بند کردی گئی ہے۔ پیغمبر محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر نازیبا اور توہین آمیز تبصرہ کے خلاف پورے ملک میں شدید ناراضگی پائی جا رہی ہے اور بی جے پی سے معطل نپور شرما اور نوین کمار جندل کی گرفتاری کے لئے جمعہ کو نماز کے بعد پورے ملک میں مسلم تنظیموں نے سڑک پر اترکر احتجاجی مظاہرہ کیا۔