گلبرگہ میونسپل کارپوریشن پر کانگریس کی بالادستی برقرار

   

اجمل احمد گولہ ’’میئر ‘‘ اور فرحانہ خسرو ’’ڈپٹی میئر ‘‘ منتخب ۔ انتہائی کانٹے کا مقابلہ ۔ کانگریس کو 35 ، بی جے پی کو 29 ووٹ ملے

گلبرگہ ۔ 29 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) گلبرگہ سٹی کارپوریشن کی 24ویں میعاد کیلئے میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخابات میں کانگریس نے فیصلہ کن کامیابی حاصل کرتے ہوئے شہری بلدیاتی ادارہ پر اپنا قبضہ برقرار رکھا ہے۔انتہائی کانٹے کے مقابلے میں کانگریس اُمیدواروں نے 35 ووٹ حاصل کیے، جبکہ بی جے پی امیدواروں کو 29 ووٹ ملے۔کانگریس کی جانب سے وارڈ نمبر 21 کے کارپوریٹر اجمل احمد گولہ میئر گلبرگہ منتخب ہوئے، جبکہ وارڈ نمبر 20 کی کانگریسی کارپوریٹر فرحانہ خسرو جاگیر دار نے ڈپٹی میئر کا عہدہ حاصل کیا۔واضح رہے کہ میئر اور ڈپٹی میئرکے انتخابات ابتدائی طور پر 7 اگست کو مقررکئے گئے تھے تاہم ناگزیر وجوہات کے باعث اُنھیں ملتوی کردیا گیا تھا۔ بعد ازاں علاقائی کمشنر ظہیرہ نسیم نے نظرثانی شدہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے انتخاب کے لیے 29 اگست کی تاریخ مقرر کی تھی۔چنانچہ مقررہ پروگرام کے مطابق ہفتہ کے روز انتخاب عمل میں آیا، جس میں کانگریس ارکان نے میئر اور ڈپٹی میئر دونوں عہدوں پر کامیابی حاصل کرکے گلبرگہ سٹی کارپوریشن میں اپنی بالادستی برقرار رکھی ہے۔مئیرگلبرگہ اورڈپٹی مئیرگلبرگہ کے انتخابات میں رکن اسمبلی گلبرگہ محترمہ کنیز فاطمہ ، کانگریسی قائد فراز الاسلام ،رکن پارلیمینٹ گلبرگہ مسٹر رادھاکرشنادوڈمنی، وزیرکرناٹک ڈاکٹر شرن پرکاش پاٹل، وزیرکرناٹک پریانک کھرگے، صدرآل انڈیا کانگریس کمیٹی ملکارجن کھرگے اور دیگر کئی ایک کانگریسی قائیدین نے تائید کی تھی۔واضح رہے کہ نومنتخب مئیر گلبرگہ جناب اجمل احمدگولہ سابق مئیر گلبرگہ جناب ضمیر احمد گولہ مرحوم کے بڑے فرزند ہیں۔ان کی کامیابی پر ممتازسماجی خدمت گزار جناب محمد عظمت محمد ، سینئیر صحافی جناب حکیم شاکر ،صحیفہ نگارمحبوب علی ، جناب جبار گولہ ، علاء الدین اکبر،کانگریسی قائد جناب عبدالعزیر خرادی ، جناب اقبال احمد ، لال احمدگیاریج اور شعیب احمد کے علاوہ کئی ایک حضرات جو محمد عظمت محمد کے قریبی ساتھی ہیں انھوںنے بھی دلی مبارکباد دی ہے ۔