گنیش اتسو کا 14 ستمبر سے آغاز، پونم پربھاکر نے اجلاس میں جائزہ لیا

   

پرامن اور مؤثر انعقاد کیلئے محکمہ جات کو ہدایت، ہائیکورٹ کے احکامات کی پابندی

حیدرآباد ۔ یکم ستمبر (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر جو حیدرآباد کے انچارج وزیر بھی ہیں، گنیش اتسو تقاریب کے ضمن میں آج اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ ڈاکٹر ایم چناریڈی ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ میں منعقدہ جائزہ اجلاس میں حکومت کے مشیر برائے بی سی طبقات وی ہنمنت راؤ، ارکان اسمبلی ڈی ناگیندر، نوین یادو، ڈائرکٹر جنرل پولیس سی وی آنند، کمشنر پولیس وی سی سجنار، منیجنگ ڈائرکٹر آر ٹی سی ناگی ریڈی، کمشنر جی ایچ ایم سی آر وی کرنن، کلکٹر حیدرآباد اور گنیش اُتسو سمیتی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں گنیش اتسو کے پرامن انعقاد اور لاء اینڈ آرڈر کے علاوہ بہتر ٹریفک انتظامات کے ضمن میں عہدیداروں کو ہدایات جاری کی گئیں۔ پونم پربھاکر نے کہاکہ حکومت تمام مذاہب کے عید اور تہواروں کے مؤثر انعقاد کے لئے اقدامات کررہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ حیدرآباد میں گنیش اتسو تقاریب کے 10 روزہ انعقاد کے بعد مرکزی جلوس نکالا جاتا ہے۔ اُنھوں نے تمام سرکاری محکمہ جات کو بہتر تال میل کے ذریعہ ابھی سے ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایت دی۔ بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہاکہ 14 ستمبر سے گنیش اتسو تقاریب کا آغاز ہورہا ہے۔ حیدرآباد، ملکاجگری اور سائبرآباد کے پولیس اور بلدی عہدیداروں کو مؤثر انتظامات کے لئے ہدایات دی گئی ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ گزشتہ برسوں کی طرح تقاریب کا پرامن طور پر انعقاد عمل میں آئے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے تقاریب اور جلوس کے موقع پر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ پولیس عہدیدار گنیش منڈپوں کے قیام اور اُن کی سکیورٹی کو یقینی بنائیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ برقی سربراہی کے سلسلہ میں گائیڈ لائنس جاری کی جائیں گی۔ اُنھوں نے کہاکہ ماحولیاتی تحفظ کے لئے پلاسٹر آف پیرس کی بجائے مٹی کی مورتیوں کی تنصیب کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے کہاکہ ہائیکورٹ کے احکامات کے مطابق گنیش اتسو تقاریب کے انتظامات کئے جائیں گے۔ حیدرآباد کی روایتی گنگا جمنی تہذیب میں تمام مذاہب کے عید و تہواروں میں عوام شرکت کرتے ہوئے قومی یکجہتی کے ماحول کو فروغ دیتے ہیں۔V/1