کل عہدیداروں کے ساتھ رابطہ اجلاس۔ گنیش اتسو سمیتی کا بیان
حیدرآباد 7 ستمبر ( سیاست نیوز) راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ ( آر ایس ایس ) کے سربراہ موہن بھاگوت حیدرآباد میں 12 ستمبر کو گنیش وسرجن جلوس کے مہمان خصوصی ہونگے ۔ جنرل سکریٹری گنیش اتسو سمیتی مسٹر بھگونت راو نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت گنیش وسرجن جلوس کے مہمان خصوصی ہونگے ۔ یہ جلوس 12 ستمبر جمعرات کو بالاپور سے شروع ہو کر حسین ساگر پر اختتام کو پہونچے گا ۔ بھگونت راو نے کہا کہ اصل گنیش جلوس بالاپور سے صبح 8 بجے شروع ہوگا اور اس سے قبل بالاپور کے گنیش لڈو کا ہراج ہوگا ۔ انہوں نے بتایا کہ ایک رابطہ اجلاس 9 ستمبر کو منعقد ہوگا جس میں کمشنر جی ایچ ایم سی بھی حصہ لیں گے جس میں انتظامات پر نظر ثانی کی جائے گی اور کاموں کی تکمیل کیلئے تجاویز حاصل کی جائیں گی ۔ بھگونت راو نے کہا کہ آر ٹی اے عہدیداروں کو 13 مقامات پر متعین کیا گیا ہے تاکہ گنیش مورتیوں کیلئے لاریاں حاصل کی جاسکیں۔ ان کا کرایہ آر ٹی اے عہدیدار کی مقرر کر رہے ہیں۔ گنیش اتسو سمیتی نے ٹینک بنڈ پر گنگا آرتی کے حکومت کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے ۔
