گورنر جشنو دیو ورما نے اہم محکمہ جات کی کارکردگی کا جائزہ لیا

   

مرکزی اسکیمات سے استفادہ کا مشورہ، پاور پوائنٹ پریزینٹیشن کا اہتمام
حیدرآباد ۔23۔ اگست (سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ جشنو دیو ورما نے اہم سرکاری محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے کارکردگی کا جائزہ لیا ۔ گورنر نے بلدی نظم و نسق و شہری ترقی ، پنچایت راج اور رورل ڈیولپمنٹ ، میڈیکل اینڈ ہیلت ، قبائلی بہبود ، سیاحت و کلچر اور فینانس و پلاننگ کے عہدیداروں کے ساتھ راج بھون میں مختلف اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔ گورنر نے عہدیداروں سے کہا کہ ترقیاتی سرگرمیوں میں مرکزی حکومت کی اسپانسرڈ اسکیمات کیلئے مختص کردہ فنڈس سے استفادہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہر محکمہ کو عوامی ترقی اور بھلائی پیش نظر رکھنی چاہئے ۔ محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں نے پاور پوائنٹ پریزینٹیشن کے ذریعہ اپنے محکمہ جات کی کارکردگی سے واقف کرایا۔ گورنر نے محکمہ جات کی بہتر کارکردگی کی ستائش کی۔ انہوں نے گرام پنچایتوں کا انتخاب کرتے ہوئے انہیں ہر اعتبار سے خود مکتفی بنانے کیلئے اقدامات کرنے کا مشورہ دیا ۔ گورنر نے کہا کہ اضلاع کی ترقی کیلئے محکمہ جات کو مشترکہ مساعی کرنی چاہئے۔ محکمہ جات کے پرنسپل سکریٹریز نے حکومت کی جاریہ اسکیمات اور ان پر عمل آوری سے واقف کرایا۔ 1