بی آر ایس کا الزام ، راہول گاندھی اڈانی کے خلاف لیکن ریونت ریڈی نے معاہدہ کیا، اسمبلی میں راجیشور ریڈی کی تقریر
حیدرآباد ۔ 9 ۔ فروری(سیاست نیوز) بی آر ایس نے تلنگانہ اسمبلی میں گورنر کے خطبہ کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیا اور الزام عائد کیا کہ حکومت نے 6 ضمانتوں پر عمل آوری کے وعدہ سے انحراف کرلیا ہے ۔ گورنر کے خطبہ کے ذریعہ عوام کو ہتھیلی میں جنت دکھانے کی کوشش کی گئی اور 60 دن گزرنے کے باوجود تمام وعدوں پر عمل آوری کے امکانات دکھائی نہیں دیتے ۔ تحریک تشکر پر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے بی آر ایس کے پی راجیشور ریڈی نے کانگریس حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ چیف منسٹر نے پرگتی بھون عوام کیلئے کھولنے اور روزانہ پرجا دربار میں مسائل کی سماعت کا اعلان کیا تھا لیکن ریونت ریڈی صرف ایک بار مسائل کی سماعت کیلئے پہنچے ، اس کے بعد ریاستی وزراء اور اعلیٰ عہدیدار بھی عوامی مسائل کی سماعت کے موقع پر دستیاب نہیں ہے۔ صرف آؤٹ سورسنگ ڈیٹا انٹری آپریٹرس کے ذریعہ عوامی شکایات کو وصول کیا جارہا ہے ۔ راجیشور ریڈی نے چیف منسٹر کو مشورہ دیا کہ وہ روزانہ کم از کم ایک گھنٹہ عوامی مسائل کی سماعت کریں۔ انہوں نے 6 ضمانتوں کے تحت 13 وعدے عوام سے کئے گئے۔ راجیشور ریڈی نے آر ٹی سی بسوں میں خواتین کو مفت سفر کی سہولت کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ مسافرین کو مزید سہولت پہنچانے کیلئے بسوں کی تعداد میں اضافہ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مفت سفر سے آٹو ڈرائیورس متاثر ہوئے ہیں اور تاحال 21 آٹو ڈرائیورس نے خودکشی کرلی۔ انہوں نے خودکشی کرنے والے آٹو ڈرائیورس کے پسماندگان کو فی کس 20 لاکھ روپئے ایکس گریشیا اور آٹو ڈرائیورس کو ماہانہ 10,000 روپئے کی امداد کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ غریب آٹو ڈرائیورس کے قرضہ جات معاف کئے جائیں۔ بی آر ایس رکن نے آر ٹی سی ملازم کو سرکاری ملازم کا موقف دینے سے متعلق جی او پر عمل آوری کی مانگ کی۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں ، بیروزگار نوجوانوں ، دلتوں اور دیگر طبقات سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل نہیں کی گئی ۔ کانگریس ارکان اور وزراء کی مداخلت پر راجیشور ریڈی اور سنیتا لکشما ریڈی نے واضح کیا کہ بی آر ایس پارٹی خواتین کو مفت سفر کی سہولت کا خیرمقدم کرتی ہے۔ تاہم انہوں نے آٹو ڈرائیورس کی بھلائی کے اقدامات کامطالبہ کیا۔ سنیتا لکشما ریڈی نے کہا کہ خواتین کو 2500 روپئے ماہانہ امداد اور 500 روپئے میں پکوان گیس سلینڈر پر فوری عمل کیا جائے ۔ راجیشور ریڈی نے مشہور صنعت کار اڈانی سے ریونت ریڈی کی ملاقات اور تلنگانہ میں 12000 کروڑ کی سرمایہ کاری پر اعتراض کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف راہول گاندھی اڈانی کی مخالفت کر رہے ہیں لیکن ریونت ریڈی نے اڈانی سے معاہدہ کیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی آر ایس حکومت نے 10 برس میں 1.60 لاکھ ملازمتیں فراہم کی ہیں۔ راجیشور ریڈی کی تقریر کے دوران کانگریس ارکان نے بارہا مداخلت کی اور ریاستی وزراء نے حکومت کے موقف کی وضاحت کی ۔ 1