گورنر کوٹہ سے نامزد ارکان کونسل کی حلف برداری پر حکم التواء برقرار

   

فریقین کے استدلال پر غور ۔ہائیکورٹ میںمقدمہ کی آج مزید سماعت
حیدرآباد۔8۔فروری(سیاست نیوز) گورنر کوٹہ کے تحت نامزد کردہ اراکین قانون ساز کونسل پروفیسر کودنڈا رام اور جناب عامر علی خان کی حلف برداری پر ہائی کورٹ کے حکم التواء کو چیف جسٹس تلنگانہ ہائی کورٹ جسٹس آلوک ارادھے اور جسٹس جے انیل کمار پر مشتمل بنچ نے برقرار رکھا اور مقدمہ کی آئندہ سماعت کو 9 فروری جمعہ تک ملتوی کردی ۔جسٹس آلوک ارادھے اور جسٹس جے انیل کمار نے آج دن بھر گورنر کوٹہ کے ارکان کونسل کی نامزدگی کے متعلق بی آر ایس قائدین کے مقدمہ کی سماعت کے دوران گورنر کے اختیارات اور عدالت کے دائرہ کار و دیگر قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا ۔ درخواست گذار کے وکلاء کے علاوہ حکومت کی جانب سے ایڈوکیٹ جنرل اور دیگر وکلاء نے عدالت میں مباحث میں حصہ لیتے ہوئے اپنے موقف کا دفاع کیا۔زائد از5 گھنٹے کی سماعت کے بعد جسٹس آلوک ارادھے نے مقدمہ کی سماعت کو کل تک کیلئے ملتوی کرکے نو نامزد دونوں اراکین قانون ساز کونسل کی حلف برداری پر جاری کئے گئے حکم التواء کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا اور کہا کہ مقدمہ میں شامل مزید فریقین کے ادعاجات اور استدلال کی سماعت 9 فروری کو ہوگی۔3