گورنمنٹ جونیئر کالجس کے نتائج کارپوریٹ اداروں سے بہتر

   

وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی کا دعویٰ، انٹرمیڈیٹ ٹاپرس کو تہنیت کی پیشکشی
حیدرآباد ۔29 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے انٹرمیڈیٹ کے ٹاپرس طلبہ کو تہنیت پیش کی اور کہا کہ طلبہ کو امتحانات میں بہتر مظاہرہ کیلئے تعلیم پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ کسی ایک طالب علم تک محدود نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں کے طلبہ اپنی محنت اور لگن کے ذریعہ کارپوریٹ اداروں کے معیار کی برابری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ جونیئر کالجس کے طلبہ نے اپنے شاندار مظاہرہ کے ذریعہ یہ ثابت کردیا ہے کہ کالجس میں دی گئی تعلیم کے بعد بھی طلبہ کو اپنے طور پر محنت کرنی چاہئے ۔ انٹرمیڈیٹ کے حالیہ نتائج میں بہتر مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو تہنیت پیش کرنے کیلئے پروگرام منعقد کیا گیا۔ انہوں نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ سرکاری جونیئر کالجس کے طلبہ نے کارپوریٹ اداروں سے بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے اداروں کا نام روشن کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ جونیئر کالجس کے نتائج کو مزید بہتر بنانے کے لئے حکومت اقدامات کر ے گی۔ ضرورت پڑنے پر جونیئر کالجس میں اسپیشل کلاسس کا اہتمام کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی آبادی پر مشتمل آصف آباد ضلع کے طلبہ نے انٹرمیڈیٹ امتحانات میں شاندار مظاہرہ کیا ہے۔ حکومت کی جانب سے انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کو ذہنی دباؤ سے نجات دلانے کیلئے ماہرین خدمات حاصل کی گئی ہے۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی جانب سے آئی آئی ٹی اور نیٹ کے امتحانات کی کوچنگ کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ امتحانات کے قریب آنے پر طلبہ کیلئے صبح اور شام کے اوقات میں خصوصی کلاسس کا اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ تعلیم میں کمزور طلبہ پر خصوصی توجہ دیں۔ سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلہ جاریہ سال کے بہتر نتائج محکمہ تعلیم کی خصوصی توجہ کا نتیجہ ہے۔ اس موقع پر سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن سید عمر جلیل اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی ۔ وزیر تعلیم نے میرٹ حاصل کرنے والے طلبہ کو تہنیت پیش کرتے ہوئے انہیں سرٹیفکٹ حوالے کیا۔ ر