گورنمنٹ میٹرنٹی ہاسپٹل کوٹھی میں بنیادی سہولتوں پر ہائی کورٹ کی توجہ

   


ایڈوکیٹ کا تقرر، سہولتوں کے بارے میں ویڈیو ریکارڈنگ کی ہدایت
حیدرآباد۔/6 نومبر، ( سیاست نیوز) ہائی کورٹ نے گورنمنٹ میٹرنٹی ہاسپٹل کوٹھی میں بنیادی طبی سہولتوں کا جائزہ لینے کیلئے ایڈوکیٹ کے کرن مائی کا تقرر کیا ہے اور وہ عدالت کے نمائندہ کی حیثیت سے ہاسپٹل میں سہولتوں کا جائزہ لیتے ہوئے رپورٹ پیش کریں گی۔ واضح رہے کہ ہائی کورٹ نے گورنمنٹ میٹرنٹی ہاسپٹل میں سہولتوں کے بارے میں توجہ مرکوز کی ہے۔ اس سے قبل عدالت کی نمائندہ وکیل نے ہاسپٹل میں سہولتوں کی کمی سے واقف کرایا تھا۔ انہوں نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ ہاسپٹل آنے والی حاملہ خواتین کیلئے مناسب جگہ دستیاب نہیں ہے اور ہاسپٹل میں اسٹاف کے علاوہ ٹسٹ اور دیگر سہولتیں دستیاب نہیں۔ ہائی کورٹ نے 2016 میں اس معاملہ کا از خود نوٹ لیا تھا۔ اسوقت جسٹس یو دُرگا پرساد راؤ نے چیف جسٹس کو اخبارات میں شائع شدہ تصاویر اور رپورٹس روانہ کرتے ہوئے مداخلت کی خواہش کی۔ انہوں نے بتایا تھا کہ حاملہ خواتین درختوں کے نیچے قیام پر مجبور ہیں۔ حکومت نے اپنی رپورٹ میں نئی عمارت کی تعمیر اور سہولتوں کی فراہمی کا دعویٰ کیا جس پر چیف جسٹس اجل کمار بھویاں اور جسٹس وجئے بھاسکر ریڈی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے ایڈوکیٹ کرن مائی کا تقرر کرتے ہوئے رپورٹ طلب کی ہے۔ ان سے کہا گیا ہے کہ ہاسپٹل کی سہولتوں کے بارے میں ویڈیو ریکارڈنگ کریں اور 16 ڈسمبر تک رپورٹ داخل کی جائے۔ر