گوشہ محل سے ملعون راجہ سنگھ کیخلاف مجلسی امیدوارکیوں نہیں؟

   

صدر مجلس اسد اویسی کو ایک خاتون کے سوال نے لاجواب کردیا
حیدرآباد۔/5 نومبر، ( سیاست نیوز) حیدرآباد کے حلقہ اسمبلی گوشہ محل میں ملعون راجہ سنگھ کے خلاف مسلم جماعت کے مبینہ نرم رویہ نے مسلمانوں میں تشویش پیدا کردی ہے۔ مجلس نے شہر کے صرف 9 اسمبلی حلقہ جات سے مقابلہ کا اعلان کیا ہے جس میں گوشہ محل شامل نہیں ہے۔ عام مسلمانوں میں بے چینی ہے کہ گستاخ رسول کے خلاف امیدوار کھڑا کرتے ہوئے اسے شکست دوچار کرنے کے بجائے کیوں کھلی چھوٹ دے دی گئی۔ عام مسلمانوں میں یہ سوال گشت کررہا ہے اور مسلم خواتین بھی اسی جذبہ کے ساتھ مجلسی قیادت سے سوال کرنے پر مجبور ہیں۔ صدر مجلس اسد اویسی کو آج نامپلی اسمبلی حلقہ میں ایک خاتون نے راجہ سنگھ کے خلاف مقابلہ سے متعلق سوال کرتے ہوئے انہیں لاجواب کردیا۔ مجلسی امیدوار کی انتخابی مہم کے تحت پیدل دورہ میں جب اسد اویسی کی ایک خاتون سے ملاقات ہوئی تو اس خاتون نے پہلے صدر مجلس اور ان کے امیدوار کو کامیابی کیلئے دعا دی اور پھر گفتگو کا رخ گوشہ محل کی طرف موڑ دیا۔ خاتون نے اپنے ایمانی جذبہ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صدر مجلس کو مشورہ دیا کہ گوشہ محل میں ملعون کے خلاف امیدوار کھڑا کیا جائے۔ خاتون کے جذبہ کا یہ عالم تھا کہ اس نے یہاں تک کہہ دیا کہ مجھے کھڑا کرو میں اسے دیکھ لوں گی۔
یہ سننا تھا کہ صدر مجلس اپنے امیدوار کے حق میں ووٹ کی اپیل کرتے ہوئے وہاں سے چل پڑے اور انہوں نے گوشہ محل سے متعلق سوال کا کوئی جواب نہیں دیا۔ وہاں موجود مجلس کے کارکن بھی خاتون کے جذبہ ایمانی پر ششدر رہ گئے۔