گوشہ محل میں فرقہ پرست بی جے پی سے سیکولر بی آر ایس کا مقابلہ

   

بی آر ایس امیدوار نندکشور ویاس کا انتخابی مہم سے خطاب

حیدرآباد : /12 نومبر (سیاست نیوز) حلقہ اسمبلی گوشہ محل کے بی آر ایس پارٹی کے امیدوار نندکشور ویاس (بلال) نے آج کہا کہ ان کا مقابلہ بھارتیہ جنتاپارٹی کے ایک ایسے امیدوار سے ہے جو فرقہ پرستی کی بنیادوں پر انتخابات لڑنے کیلئے اس مرتبہ بھی میدان میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے حریف نے ہمیشہ مخالف اقلیت موقف اختیار کیا ہے اور اب ایسا وقت آگیا کہ اقلیتی طبقہ راجہ سنگھ کو زبردست سبق سکھائے ۔ نندکشور ویاس نے انتخابی مہم کے دوران یہ کہا کہ بی آر ایس پارٹی نے اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے اپنی توجہ مرکوز کئے ہیں جس کے تحت کئی اسکیمات متعارف کئے گئے تھے ۔ گوشہ محل کے رکن اسمبلی کی لاکھ کوششوں کے باوجود بھی شہر کا پرامن ماحول کو مکدر نہیں کرسکے ۔ چونکہ لا اینڈ آرڈر کی برقراری بی آر ایس حکومت کی اولین ترجیح رہی ہے ۔ نندکشور ویاس نے اپنی انتخابی مہم میں یہ کہا کہ انہیں اس مرتبہ بی آر ایس پارٹی نے حلقہ اسمبلی گوشہ محل کا امیدوار قرار دیا ہے اور اقلیتوں کو یہ بہترین موقع ہے کہ فرقہ پرست طاقتوں کو شکست دیں ۔ بی آر ایس کے امیدوار نے مزید کہا کہ راجہ سنگھ نے گوشہ محل حلقہ اسمبلی کی ترقی پر توجہ دینے کے بجائے فرقہ پرستی پر توجہ دی ہے اور یہ سیاست زیادہ دن تک چلنے والی نہیں ہے ۔ نندکشور ویاس نے یہ بتایا کہ گوشہ محل کا اقلیتی طبقہ اگر ایک جٹ ہوکر بی آر ایس کے ہاتھ مضبوط کرے تو فرقہ پرستی کو شکست دی جاسکتی ہے اور ہمیشہ کیلئے گوشہ محل نفرت کی سیاست سے پاک ہوجائے گا ۔ بی آر ایس کے امیدوار نے بتایا کہ انہوں نے حلقہ اسمبلی گوشہ محل کے مختلف مقامات کا دورہ کیا ہے جس میں اقلیتوں نے بی آر ایس پارٹی کے سیکولر موقف پر بھروسہ ظاہر کیا ۔