ریاض: سعودی عرب نے گولان بفرزون پر قبضے اور قابض اسرائیلی فورسز کی جانب سے شامی سرزمین کو نشانہ بنانے کی کارروائی کی سخت مذمت کی ہے۔ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ نے بیان میں گولان کی پہاڑیوں میں اقوام متحدہ کے زیر گشت بفر زون میں شام کے زیر کنٹرول علاقوں پر قبضے کے فیصلے کو اسرائیل کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی مسلسل خلاف ورزی قرار دیا۔یاد رہے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے اتوار کو اعلان کیا تھا کہ انہوں نے شام کے صدر بشار الاسد کو اقتدار سے ہٹائے جانے کے بعد اسرائیلی فورسز کو شام کے زیر کنٹرول گولان کے غیر فوجی علاقے پر’ قبضے‘ کا حکم دیا ہے۔سعودی وزارت خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا کہ’ یہ اقدام شام کی سلامتی، استحکام اورعلاقائی سالمیت کی بحالی کے امکانات کو سبوتاڑ کرنے کے اسرائیلی عزائم کو ظاہر کرتا ہے۔‘عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ ’وہ اسرائیل کی ان خلاف ورزیوں کی مذمت کرنے کے علاوہ شام کی خود مختاری و علاقائی سالمیت کے احترام کو یقینی بنائے اور اس بات کی تصدیق کرے کہ گولان کی پہاڑیوں کو مقبوضہ شامی عرب سرزمین سمجھا جائے۔‘
خون کا عطیہ کرنے پر
4 غیر ملکیوں کو شاہی تمغہ
ریاض : خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے 10 مرتبہ خون کا عطیہ دینے والے 4 غیر ملکیوں کو تیسرے درجے کا تمغہ دینے کی منظوری دی ہے۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق خون کا عطیہ کرنے والوں کو تمغے کے علاوہ شاہ سلمان کی طرف سے اسناد بھی دی جائیں گی۔جن 4 غیر ملکیوں کو شاہی تمغہ دیا گیا ہے ان کے نام:عادل فتحی طنطاوی، عابد حبیب اللہ، حمید اللہ فضل عالم، محمد وصفی عبد المولی ہیں۔
سعودی عرب میں ضرورت مند مریضوں کے لیے خون کا عطیہ دینے کی مہم وقتا فوقتا چلائی جاتی ہے۔ مہم سعودی عرب کے تمام شہروں میں بیک وقت شروع ہوتی ہے جس کا مقصد ضرورت مند مریضوں کے لیے خون جمع کرانا ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ ایسے افراد خواہ کو سعودی شہری ہوں یا مقیم غیر ملکی جو 10 مرتبہ خون کا عطیہ کرتے ہیں انہیں خدمات کے اعتراف میں تمغہ اور شکریے پر مشتمل سند دی جاتی ہے۔