قاہرہ، 22 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) عرب لیگ کے رکن ممالک نے گولان پہاڑی علاقے پر شام کے حق اقتدار کی مکمل حمایت کی ہے ۔ عرب لیگ کے سکریٹری جنرل احمد ابو الغیط نے کہا کہ عرب تنظیم گولان پہاڑی علاقہ کے معاملے میں شام کی حمایت کرتی ہے ۔ عرب لیگ کے سکریٹری جنرل کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جمعرات کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ امریکہ گولان پہاڑی علاقے پر اسرائیل کے غلبہ کو تسلیم کرے ۔ مسٹر ٹرمپ نے ٹویٹر پر کہا کہ “52 سال کے بعد اب وقت آ گیا ہے جب امریکہ گولان پہاڑی علاقے پر اسرائیل کے غلبے کو منظوری دے ، جوکہ اسرائیل اور علاقے کے استحکام کے لئے اسٹریٹجک اور سیکورٹی کے نقطہ نظر سے بہت اہم ہے “۔ مسٹر ابو الغیط نے جمعرات کو کہا کہ عرب لیگ گولان پہاڑی علاقے پر شام کے حق کی حمایت کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت گولن پہاڑی علاقے پر شام کا حق ہے ۔