گوگل کے مصنوعی ذہانت ٹولز سے میڈیا صنعت کو خدشات

   

نیویارک : گوگل ایسے ٹولز تیار کر رہا ہے جو صحافیوں کو تحقیق کرنے اور نیوز رپورٹس لکھنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ لیکن یہ پیش رفت پچھلے برسوں سے جاری ملازمتوں میں تکلیف دہ کٹوتی کے بعد اب پوری میڈیا انڈسٹری کو ہی ہلا کر رکھ سکتی ہے۔ دنیا کی معروف تکنیکی کمپنی گوگل کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت پر مبنی وہ جن ٹولز کی تیاری کر رہا ہے اس کا مقصد خبر نگاری میں صحافیوں کے لازمی کردار کو تبدیل کرنا نہیں ہے۔ بلکہ یہ ٹولز صحافیوں کوتحقیق کرنے اور مضامین لکھنے میں مدد گار ثابت ہوں گے۔ گوگل نے جمعرات کو بتایا کہ وہ میڈیا کمپنیوں بالخصوص چھوٹے پبلشرز کے ساتھ مل کر مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی ایسے ٹولز کی تیاری پر کام کررہا ہے جوصحافیوں کو خبروں کی شہ سرخیاں لکھنے یا مختلف انداز تحریر کے متبادل فراہم کرنے میں مدد گار ہوں گے۔ گوگل کی ترجمان جین سرائیڈر نے اس سلسلے میں کمپنی کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کے ابتدائی مراحل کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ہمارا مقصد صحافیوں کو ان ابھرتی ہوئی ٹکنالوجیز کو اس طریقہ سے استعمال کرنے کا انتخاب فراہم کرنا ہے۔