دواخانہ میں سیوریج نظام کی عدم درستگی اصل وجہ، محکمہ صحت کام کروانے تیار نہیں
حیدرآباد۔7جون(سیاست نیوز) محکمہ صحت کی جانب سے گچی باؤلی اسٹیڈیم سے متصل عمارت کو ریکارڈ مدت میں دواخانہ میں تبدیل کئے جانے کے اعلان کے باوجود اب تک بھی دواخانہ میں خدمات کا آغاز نہیں کیا گیا ہے۔ ریاست میں کورونا وائرس کے مریضو ںسے نمٹنے کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات میں تلنگانہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس کے قیام کی ہر گوشہ سے سراہنا کی گئی تھی اور کہا گیا تھا کہ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے دوراندیشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گچی باؤلی میں موجود اس عمارت کو دواخانہ میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس دواخانہ میں خدمات کی انجام دہی کیلئے 600ڈاکٹرس اور نیم طبی عملہ کے تقرر کے اقدامات بھی کئے جاچکے ہیں لیکن اس دواخانہ میں خدمات کا آغاز نہیں کیا گیا جبکہ اب کورونا وائرس کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے سبب مزید دواخانوں کی شدید ضرورت محسوس ہونے لگی ہے۔ محکمہ صحت کے ذرائع نے اس بات کے اشارے دئیے تھے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے اجازت کی فراہمی کے بعد شہر حیدرآباد کے نواحی علاقہ میں قائم کردہ اس دواخانہ میں 3جون سے خدمات کی انجام دہی کا آغاز کیا جائے گا لیکن 3جون کو بھی اس دواخانہ کا افتتاح عمل میں نہیں لایاجاسکا ہے۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ دواخانہ کی عمارت میں سیویج نظام بہتر نہ ہونے کے سبب ہونے والی مشکلات کو دور کرنے اور سیویج نظام کو تبدیل کرنے کے اقدامات کی ہدایت کے باعث دواخانہ کے آغاز میں تاخیر ہورہی ہے۔ محکمہ صحت کے عہدیدارو ںنے بتایا کہ سیوریج کے نظام کو بہتر بناناان کا کام نہیں ہے اسی لئے وہ کاموں کی تکمیل کا انتظار کر رہے ہیں اور جس دن کاموں کو مکمل کرلیا جائے گا اس دن سے دواخانہ میں مریضوں کو شریک کرنے کے علاوہ ان کے علاج و معالجہ کا عمل شروع کیا جاسکتا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ میڈیکل اور ٹیکنیکل اعتبار سے عمارت میں آلات ‘ بستر اور دیگر ضروری الکٹرک اشیاء وغیرہ کی تنصیب کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے خدمات کے آغاز کی اجازت فراہم کئے جانے کے ساتھ ہی اس دواخانہ میں علاج شروع کیا جاسکتا ہے اور مریضو ںکو اس دواخانہ سے رجوع کیاجاسکتا ہے تاہم حکومت کی جانب سے تاحال تلنگانہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس میں کورونا وائرس کے مریضوں کو شریک کرنے یا خدمات کے آغاز کے سلسلہ میں ہدایات جاری نہیں کی گئی ہیں ۔