گھر کو کریں گلشن،پرانی چیزوں کو دیں نیا روپ

   

عام طور پر کہا جاتا ہے کہ ایک سُگھڑ عورت غریب کے گھر کو بھی روشن کر دیتی ہے اور ایک پھوہڑ عورت روشن گھر میں بھی اندھیرے کر دیتی ہے۔ابتداء میں یہ بات سن کر بہت حیرت ہوتی تھی کہ کیا سُگھڑ عورت میں خصوصی بلب لگے ہوتے ہیں جو وہ سب کو روشن کر دیتی ہے مگر وقت کے ساتھ اس بات کی سمجھ آئی۔سْگھڑ عورت کی سب سے بڑی خاصیت یہی ہوتی ہے کہ اس کے نزدیک کوئی بھی چیز فالتو نہیں ہوتی ہے اور وہ پرانی چیزوں کو بھی فالتو قرار دے کر پھینکنے یا ضائع کرنے کے بجائے ان کا استعمال اس انداز میں کرتی ہے کہ وہ سب کچھ نیا روپ اختیار کر لیتا ہے۔
پرانا فرنیچر : کبھی کبھار پرانے فرنیچر کی خریداری میں بھی کوئی قباحت نہیں ہوتی۔ بعض اوقات کم قیمت میں بہت عمدہ اور خوبصورت فرنیچر مل جاتا ہے۔ری سائیکل اشیاء سے وضعداری اور نفاست کا تاثر ملتا ہے۔یہ آپ کا بجٹ بھی متاثر نہیں کرتے۔آپ ان کی تھوڑی بہت مرمت کروا لیں، نئی پالش کر لیں۔یہ نئے نہ سہی مگر نئے جیسے ضرور ہو جائیں گے ۔ خیال رہے کہ یہ صرف آپ جانتی ہیں کہ گھر کے کس گوشے میں رکھی کوئی میز، صوفہ، بک شیلف یا کوئی کرسی آپ نے کبھی پرانی فرنیچر مارکیٹ سے خریدی تھی۔اس لئے سرمایہ کاری بھی کم سے کم کرنی ہوتی ہے۔
کین کا فرنیچر : پرانا کین فرنیچر عام مل جاتا ہے، یہ آرام دہ اور ہوا دار ہونے کے ساتھ جگہ بھی کم گھیرتا ہے۔ان خوبیوں کے علاوہ یہ خاصا بجٹ دوست فرنیچر بھی ہے۔ آسانی سے صاف بھی ہو جاتا ہے، سفید پینٹ کر دیں تو یہ بالکل نیا لگنے لگتا ہے۔
خالی بوتلوں کا استعمال : آپ کے گھر میں پلاسٹک اور شیشے کی خالی بوتلیں اکٹھی ہوتی رہتی ہیں۔اگر آپ بیش قیمت ڈیکوریشن پیس یا گلدان خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتیں تو کم از کم جدت طبع تو رکھتی ہی ہوں گی ، وہی کام میں لائیے ۔ آپ سفید بوتلوں کو ’’واز‘‘ (گلدان) میں تبدیل کر سکتی ہیں۔ ان گلدانوں میں تازہ پھول، جڑی بوٹیاں، مثلاً تلسی اور خشک جھاڑیاں سجائی جا سکتی ہیں ۔ پودے شیشے کی بوتلوں میں اْسی طرح پھلتے پھولتے ہیں جیسے گملوں میں نشوونما پاتے ہیں اس لئے پریشانی کی کوئی بات نہیں۔
بوتلوں کے کارک ناکارہ نہیں : جن بوتلوں میں کارکس موجود ہوں وہ علیحدہ کر لیا کریں اور انہیں Trivet کی شکل دیں۔یہ تپائی آپ کے فرنیچر کی سطح کو خراب نہیں ہونے دے گی۔ یہ ماحول دوست تپائی بنانا مشکل نہیں۔اگر نہ بنا پائیں تو کسی کار پینٹر سے مدد لے لیں۔کارکس کو گلو سے جوڑ کر ایک ماحول دوست چیز بن جاتی ہے۔
پرانی جینز کا استعمال : عام طور پر جینز پرانی ہو جائے تو لوگ اس کو ویکسنگ کیلئے استعمال کرتے ہیں یا پھر اس کو پھینک دیا جاتا ہے۔مگر جینز کا استعمال اس انداز میں کرنے سے عام خریداری کیلئے ایک مضبوط بیگ اور بچوں کیلئے اسٹائلش بیگ بھی بنایا جا سکتا ہے۔
پرانی الماریوں کو دیں نیا روپ : اکثر الماریاں پرانی ہو جاتی ہیں تو ان کا رنگ و روپ یکسانیت کے سبب بور کرنے لگتی ہے اس کو کچھ نئے ڈیزائن دے کر ان کو خوبصورت بنا سکتے ہیں۔
پرانی کھڑکی سے بنائیں میز : عام طور پر گھر کے اندر ٹوٹی ہوئی کھڑکیاں یا ایسا کچھ سامان دیکھنے میں آتا ہے جس کو مختلف انوکھے طریقوں سے استعمال کیا جا سکتا ہے جیسا کہ پرانی کھڑکیاں آپ ان کی میز بھی بنا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف پرانے پردے، بیڈ شیٹ اور دیگر چیزیں ضائع کرنے کے بجائے ان کو مختلف انداز میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔مگر اس کے استعمال کیلئے سب سے زیادہ ضرورت تھوڑا ذہن لڑانے کی ہوتی ہے۔اس کے بعد بننے والی چیز دیکھ کر سب ہی تعریف پر مجبور ہو جاتے ہیں۔امید ہے یہ تمام تجاویز آپ کے گھر کی سجاوٹ میں بہت معاون ثابت ہوں گی۔