نئی دہلی: دہلی کے گاندھی نگر علاقہ میں نہایت معمولی بات پر قتل کا واردات پیش آگئی۔ جس میں ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ساجد نامی ایک شخص سیلم پور کے نانک بستی میں اپنے افراد خاندان کے ساتھ رہتا ہے۔ وہ ایک خانگی ملازم ہے۔ اس کے پڑوس میں ایک شخص جس کا نام آصف علی عرف شبو ہے اور اس کا بھائی افسر رہتے ہیں۔ ہفتہ کے دن دوپہر میں کسی نے آصف علی عرف شبو کے گھر کے باہر بسکٹ کھا کر اس کی خالی پیکٹ پھینک دیا تھا۔ شبو او راس کی ماں کا خیال تھا کہ یہ پیکٹ ساجد کے بیٹے نے ڈالا ہے جس کی عمر صرف تین چار ہے۔ شبو اور اس کی ماں اسے ڈانٹنے لگے۔
اسی دوران ساجد کی ماں بھی آگئی بحث طول پکڑگئی او ربات گالی گلوچ تک آگئی۔ ساجد کی ماں نے کہا کہ یہ بسکٹ کا پیاکٹ ہمارے گھر کے بچہ نے نہیں ڈالا۔ اس دوران شبو غصہ میں بے قابو ساجد پر قینچی سے حملہ کرنے لگا لیکن انہیں بچالیا گیا۔ پولیس نے آکر تمام معاملہ کو رفع دفع کردیا۔ لیکن شبو غصہ کی آگ میں جل رہا تھا۔ اسی دن ہفتہ کی شب شبو اور اس کا بھائی افسر نے ساجد او راس کے دوبھائی عابداور سلمان پر جان لیوا حملہ کیا۔ شبو اور اس کے بھائی نے ساجد کے پیٹ میں چھری گھونپ دی او ر اس کے دونوں بھائی عابد اور سلمان بھی اس حملہ میں بری طرح زخمی ہوگئے۔ ان تینوں کو فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہا ں ڈاکٹرس نے ساجد کو مردہ قرار دیدیاجبکہ سلمان اور عابد دواخانہ میں زیر علاج ہیں۔
ایڈیشنل پولیس ڈپٹی کمشنر وید پرکاش سوریہ نے بتایا کہ ملزم آصف علی عرف شبو کو گرفتار کرلیاگیا ہے جبکہ اس کا بھائی افسر مفرور ہے اسے بھی بہت جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔