ہائی کورٹ فیصلہ کیخلاف کے ٹی آر سپریم کورٹ سے رجوع

   

سنگل جج کے فیصلہ پر حکم التواء اور ایک مقدمہ کو کالعدم قرار دینے کی اپیل
حیدرآباد۔ /7 جنوری، ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ توقع کے عین مطابق ہائی کورٹ کے فیصلہ کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع ہوگئے۔ ہائی کورٹ کے فیصلہ کے فوری بعد کے ٹی راما راؤ نے سینئر وکلاء کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے آئندہ کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا۔ ماہرین قانون نے ہائی کورٹ کے سنگل بنچ کے فیصلہ کو ڈیویژن بنچ پر چیلنج کرنے یا پھر راست سپریم کورٹ سے رجوع ہونے سے متعلق دو آپشن پیش کئے۔ سپریم کورٹ کے وکلاء کا کہنا تھا کہ ڈیویژن بنچ سے بہتر سپریم کورٹ سے رجوع ہونا فائدہ مند ثابت ہوگا کیونکہ عام طور پر سپریم کورٹ فوری راحت دیتے ہوئے ہائی کورٹ کے فیصلہ پر حکم التواء جاری کرسکتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کے ٹی آر کی جانب سے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی اور سپریم کورٹ رجسٹری کی جانب سے سماعت کی تاریخ اور بنچ کا تعین کیا جائے گا۔ توقع ہے کہ سپریم کورٹ میں کل کے ٹی آر کی درخواست کی سماعت ہوسکتی ہے۔ واضح رہے کہ کے ٹی آر کے فیصلہ کو پیشگی محسوس کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ میںکیویٹ پٹیشن دائر کی جاچکی ہے۔ سپریم کورٹ میں فارمولہ ای ریسنگ معاملہ میں کوئی بھی یکطرفہ فیصلہ نہیں ہوگا اور فریقین کی سماعت کے بعد ہی اعلیٰ ترین عدالت کوئی فیصلہ کرے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ کے ٹی آر نے اپنی درخواست میں ہائی کورٹ سنگل جج کے فیصلہ پر حکم التواء اور اینٹی کرپشن بیورو کے مقدمہ کو کالعدم قرار دینے کی اپیل کی ہے۔1