ہارٹ اٹیک اور فالج کا خطرہ بڑھانے والی عام عادت

   

آج کے نوجوانوں کو منہ چلانے کی بہت زیادہ عادت ہوتی ہے مگر وہ جو کچھ کھاتے ہیں اس کے نتیجے میں ہارٹ اٹیک یا فالج جیسے جان لیوا امراض کا سامنا ہوسکتا ہے۔ یہ انتباہ فرانس میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔تحقیق کے مطابق جو لوگ بہت زیادہ الٹرا پراسیس غذائیں جیسے میٹھے سریلز، سافٹ ڈرنکس اور چپس وغیرہ کے نتیجے میں خون کی شریانوں سے جڑے امراض کا خطرہ بڑھتا ہے۔تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ دن میں کچھ مقدار میں ان اشیا کا استعمال ہارٹ اٹیک یا فالج کا خطرہ لگ بھگ دوتہائی بڑھا دیتا ہے۔
الٹرا پراسیس فوڈز عام طور پر فوری طور پر کھانے کے لیے تیار اشیا ہوتی ہیں اور یہ سویٹنر اور ایسی ہی صنعتی اجزا سے بھرپور ہوتی ہیں۔تحقیق مین دریافت کیا کہ چپس یا ایسی ہی چیزوں کو کھانے کی عادت کے نتیجے میں ہارٹ اٹیک یا فالج کا خطرہ 12 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔اس سے قبل اسپین میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں دریافت کیا گیا تھا کہ الٹرا پراسیس اشیا کھانے کی عادت کے نتیجے میں جلد موت کا خطرہ 62 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا تھا کہ ممکنہ طور پر ایسی غذائیں لوگوں کا پیٹ کم بھرتی ہیں اور بھوک زیادہ بڑھاتی ہیں، جس سے موٹاپے کا خطرہ بڑھتا ہے جو کہ امراض قلب اور جلد موت کا باعث بننے والا بڑا عنصر سمجھا جاتا ہے۔اس سے قبل گزشتہ ہفتے ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ ناقص غذائی عادات اور کینسر کے درمیان بھی تعلق ہوتا ہے اور پراسیس گوشت کا زیادہ استعمال آنتوں کے کینسر کا خطرہ بڑھاتا ہے۔