ہالی ووڈ اداکار ٹام ہینکس اور اہلیہ ریٹا ویلسن کوروناوائرس سے متاثر

,

   

کینبرا،12مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہالی ووڈکے مشہورومعروف اداکار ٹام ہینکس اور انکی اہلیہ ریٹا ولسن مہلک کورونا وائرس (کووڈ ۔19)کی زد میں آگئے ہیں ۔ٹام ہینکس نے سوشل میڈیا پر یہ اطلاع دی ۔انھوں نے ٹویٹ کیا،‘‘ ہیلودوستو،میں اور میری بیوی ریٹا اس وقت آسٹریلیا میں ہیں ۔ہم لوگوں کو تھوڑی تکان محسوس ہورہی تھی اور ہلکا زکام جیسا تھا اور بدن میں دردتھا۔ریٹا کو کچھ بخار بھی تھا ۔جیسا کہ یہ احتیاط برتنے کا وقت ہے ،ہم لوگوں نے کورونا وائرس کے لیے ٹسٹ کرایا جس کا نتیجہ مثبت آیا ۔’’انھوں نے مزید لکھا،‘‘ خیر ،اب ہم آگے کیاکریں ؟ ڈاکٹروں کی صلاح پر عمل کرنا ہوگا۔ہمارا علاج کیاجائیگا اور پوری طرح سے نگرانی میں رکھا جائیگا جب تک کہ لوگوں کے لئے یہ ٹھیک نہیں ہوگا۔ابھی اس بارے میں اور کچھ نہیں کہنا ہے ۔ہم اپنے بارے میں آپ کو آگاہ کرتے رہیں گے ۔ ’’ دوبار آسکر جیت چکے ٹام ہینکس نے ‘فاریسٹ گمپ ، ‘ سیونگ دی پرائیویٹ رائن ’، ‘کاسٹ اوے ’، ‘فلا ڈیلفیا’، ‘ اے بیوٹی فل ڈے ان نیبر ہوڈ’اور ‘کیپٹن فلپ ’ جیسی فلموں میں اداکاری کی ہے ۔مسٹر ہینکس بالی ووڈ اداکار عرفان خان کے ساتھ فلم ‘ انفرنو’میں بھی کام کرچکے ہیں ۔ اس اطلاع کے بعد ان کے بیٹے چیٹ ہنس نے ایک ویڈیو وائرل کیا ہے اور اس کی تصدیق کی ہے لیکن انہوں نے بتایا کہ دونوں بالکل صحتمند ہیں اور وہ اس مرض سے متعلق پریشان نہیں۔