نذیر احمد کیس میں 14 گاو رکھشکوں کو خاطی قرار دیا گیا
بھوپال: مدھیہ پردیش کے ضلع نرمداپورم کی ایک عدالت نے 14 افراد کو ایک مسلم شخص کے ہجوم کے ہاتھوں قتل مقدمہ میں عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ یہ واقعہ اگست 2022 میں مبینہ گائے اسمگلنگ کے الزام کے تحت پیش آیا تھا۔ سیونی مالوا ۔ نرمداپورم کی اڈیشنل ضلع و سشن جج تبسم خان نے فیصلہ سناتے ہوئے تمام 14 ملزمین کو مجرم قرار دیا۔ یہ سزا مہاراشٹر کے ضلع امراؤتی سے تعلق رکھنے والے نذیر احمد کے 3 اگست 2022 کے قتل کے مقدمے میں سنائی گئی۔ عمر قید کی سزا پانے والوں میں دیپک عرف بابا کیوات (38)، اججو عرف اجے راٹھور (36)، پرکاش کاؤشل (33)، چیتن مراٹھا (23)، پون باتھاو (31)، امر عرف بھولا باتھاو (38)، کنہیا باتھاو (32)، دیویندر عرف چھوٹو کوری (22)، سندیپ عرف راجا کاؤشل (26)، انوج عرف بلّو رگھونشی (24)، سنجو عرف راجندر کاؤشل (39)، آکاش عرف پنٹولی باتھاو (31)، گورو یادو (24) اور آکاش سارتھے (33) شامل ہیں۔ عدالتی فیصلہ کے بعد ملزمین کے گھر والے بڑی تعداد میں عدالت کے باہر جمع ہوگئے۔ سزا یافتہ افراد کی جیل منتقل کے دوران اہلِ خانہ نے پولیس گاڑی کو روکنے کی کوشش کی، جبکہ بعض افراد گاڑی کے سامنے لیٹ کر راستہ روکنے کی کوشش کرتے رہے ۔