کے سی آر کی فوج تحریک سے پیدا ہوئی ، مقدمات اور جیل جانے سے ڈرنے گھبرانے والی نہیں
حیدرآباد ۔ 19 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کے قائدین ٹی ہریش راؤ اور کے کویتا نے بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر کے خلاف اے سی بی کی جانب سے مقدمہ درج کرنے اور ملزم نمبر ون بنانے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی میں بی آر ایس کا سامنا کرنے میں ناکام ہونے والے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی سیاسی انتقام کے طور پر کے ٹی آر کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ حیدرآباد کا برانڈ امیج بڑھانے کے لیے کے ٹی آر نے فارمولہ ای کار ریسنگ کا کامیاب انعقاد کیا تھا ۔ جس سے ریاست تلنگانہ کی شہرت میں اضافہ ہوا ہے ۔ ریاست میں کانگریس کو اقتدار حاصل ہونے کے بعد بی آر ایس کے قائدین کے خلاف سیاسی انتقام لیا جارہا ہے ۔ بی آر ایس قائدین کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کئے جارہے ہیں ۔ عوامی مفادات کا تحفظ کرنے اور عوامی مسائل کو اٹھانے پر ہمیں ڈرانے دھمکانے کے لیے انکوائری کے نام پر ریونت ریڈی حکومت جھوٹے مقدمات درج کررہی ہے ۔ ریاست کی ترقی اور ریاست کے امیج کو بڑھانے کے لیے کے ٹی آر نے کام کیا ہے ۔ جس پر ان کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کئے جارہے ہیں ۔ بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا نے کہا کہ کانگریس حکومت سیاسی طور پر بی آر ایس سے مقابلہ کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ۔ کے سی آر اور کے ٹی آر کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرنے کی سازش کررہی ہے ۔ جس کو ریاست کے عوام انتہائی خاموشی سے محسوس کررہے ہیں ۔ فارمولہ ای ریس کے مسئلہ پر اسمبلی میں مباحث کرانے سے گریز کرتے ہوئے کے ٹی آر کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کررہے ہیں ۔ ایسے مقدمات سے کے سی آر کی فوج ہرگز خوفزدہ نہیں ہوگی بلکہ مزید شدت سے عوامی مسائل کو اٹھاتے رہے گی ۔ بی آر ایس پارٹی کے قائدین تحریک سے آئے ہیں مقدمات اور جیل جانے سے خوفزدہ ہونے والے نہیں ہے ۔ جدوجہد ہمارے لیے کوئی نئی بات نہیں ہے ۔۔ 2