حدود پار کرنے والے پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کو بی آر ایس حکومت میں بخشا نہیں جائے گا
حیدرآباد ۔ 23 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کے رکن اسمبلی سابق ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ نے ان کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرنے اور گرفتار کرنے کے شکوک کا اظہار کیا اور کہا کہ مقدمات ان کے لیے نئے نہیں ہے مگر دباؤ میں کام کرنے والے پولیس عہدیداروں کے خلاف بی آر ایس حکومت تشکیل پانے کے بعد سخت کارروائی کی جائے گی ۔ اگر وہ ریٹائرڈ بھی ہوجاتے ہیں تو انہیں بخشا نہیں جائے گا ۔ آج میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ انہیں باوثوق ذرائع سے اطلاع ملی ہے کہ ٹیلی فون ٹیاپنگ کے معاملے میں ان کے خلاف بھی سازش کی جارہی ہے ۔ ہوسکتا ہے اسمبلی سرمائی سیشن کے بعد جھوٹے مقدمات میں پھنسا کر انہیں گرفتار کیا جاسکتا ہے ۔ پولیس کے چند عہدیدار چیف منسٹر کو خوش کرنے اور ترقی کے ساتھ اہم عہدوں پر فائز ہونے کے لیے اس طرح کی منصوبہ بندی میں مصروف ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ عہدیداروں کو چیف منسٹر کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے نہیں بلکہ قانون کے دائرے میں رہ کر دستوری فرائض انجام دینے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ریاست میں بی آر ایس کی حکومت قائم ہوگی ۔ حدود سے تجاوز کرنے والے پولیس عہدیداروں کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ پولیس عہدیداروں کی نقل و حرکت پر ان کی نظر ہے اور وہ ڈائری میں ایسے عہدیداروں کے نام تحریر کررہے ہیں ۔ بی آر ایس حکومت میں سب کچھ سود سمیت وصول کیا جائے گا ۔ پولیس عہدیداروں کی من مانی ، سٹلمنٹ ، غیر قانونی کارروائیاں سب کو نوٹ کیا جارہا ہے ۔ اگر ایسے عہدیدار ریٹائرڈ بھی ہوجائیں تو ان سے حساب چکتا کیا جائے گا ۔ کسی کو معاف نہیں کیا جائے گا ۔ یہاں تک بیرونی ممالک کو روانہ ہونے یا سنٹرل سروسیس جوائن کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی ۔۔ 2