ہم پاکستان کا ٹور نہیں کریں گے، ہندوستان کا جواب

   

ممبئی: بی سی سی آئی نے باضابطہ طور پر آئی سی سی کو مطلع کردیا ہے کہ ہندوستان 2025 ء کی چمپینس ٹروفی میں حصہ لینے کیلئے پاکستان کا سفر نہیں کرے گا۔ کرکٹ کے معروف ذرائع کو معلوم ہوا ہے کہ بورڈ آف کرکٹ اِن اِنڈیا نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو بتایا کہ کہ اسے حکومت ہند نے اپنی کرکٹ ٹیم کو پاکستان کو نہ بھیجنے کا مشورہ دیا ہے۔ آٹھ ٹیموں پر مشتمل چمپینس ٹروفی پاکستان میں 19 فبروری اور 9 مارچ کے درمیان تین مقامات پر کھیلی جانی ہے۔ تاہم، حکومت ہند کے مشورہ اور بی سی سی آئی کے فیصلہ کے بعد آئی سی سی اور پی سی بی کیلئے ہنگامی منصوبوں پر تیزی سے عمل کی ضرورت آن پڑی ہے۔ اس کے تحت ہائبرڈ ماڈل ممکن ہے جس میں شرکاء ٹیمیں پاکستان اور کسی دیگر مقام کے درمیان منتقل ہوتی رہیں گی۔ گزشتہ روز تک سب کچھ پُرسکون معلوم ہورہا تھا لیکن ایک دن میں حالات بدل گئے۔ پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے ہائبرڈ ماڈل کو خارج از امکان قرار دیا تھا۔ معلوم ہوا ہے کہ ہائبرڈ ماڈل کو ملحوظ رکھتے ہوئے چند ماہ قبل چند ہنگامی منصوبے ترتیب دیئے گئے تھے۔ چند ملکوں کو مختصر فہرست میں شامل کیا گیا لیکن یو اے ای (متحدہ عرب امارات) پاکستان سے اپنی مسافتی قربت کے سبب ترجیحی متبادل مقام ہوسکتا ہے۔ یہی مقدم ہونے کا امکان ہے۔ سری لنکا بھی شارٹ لسٹ میں شامل ہے۔ چمپینس ٹروفی کیلئے افغانستان، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، نیز انگلینڈ، انڈیا، نیوزی لینڈ، پاکستان اور جنوبی افریقہ دو گروپوں میں مسابقت کریں گے۔