اونا، 20 جون (یو این آئی) ہماچل پردیش کے نائب وزیر اعلی مکیش اگنی ہوتری اور کانگریس ایم ایل اے راکیش کالیا کو سوشل میڈیا پر جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں، جس کے بعد پولس نے جمعرات کی رات دیر گئے ہرولی پولیس اسٹیشن میں اس معاملے میں ایف آئی آر درج کی ہے ۔ پولیس معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے تحقیقات کر رہی ہے ۔ دھمکی میں اگنی ہوتری اور کالیا کو تیز دھار ہتھیاروں سے جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے اور سیاسی نشانہ بنانے کے اشارے ملے ہیں۔ ہرولی کے رہائشی ارون کمار کی درج کرائی گئی شکایت کے مطابق بدنام زمانہ گینگسٹر امریش رانا کی حالیہ گرفتاری سے متعلق فیس بک پوسٹ پر پریشان کن تبصرے کیے گئے تھے ۔ دلیپ کمار نامی صارف نے 19 جون کو تبصرہ کیا، عوام پھر سے تلوار مانگ رہی ہے۔ اس کے جواب میں شارپ شوٹر نبائی والا نامی صارف نے لکھا کہ اس بار یہ سیاست دان پر استعمال کیا جائے گا۔ایک اور صارف رندیپ ٹھاکر نے سوال کیا کہ کس جرم میں؟ اس پر شارپ شوٹر نبائی والا نے جواب دیاکہ صرف نائب وزیر اعلیٰ اور ایم ایل اے راکیش کالیا ہی جانتے ہیں۔ اس گفتگو سے گھبرا کر ارون کمار نے پولیس کو واقعہ کی اطلاع دی۔ دونوں لیڈران ضلع اونا سے ہیں، اگنی ہوتری ہرولی حلقہ کی نمائندگی کرتے ہیں، جب کہ کالیا نے حال ہی میں گگریٹ ضمنی انتخاب میں کامیابی حاصل کی ہے ۔ پولیس اب اس معاملے کی چھان بین کر رہی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ کیا دھمکی دینے والے افراد کا امریش رانا سے کوئی تعلق ہے ، جسے چند ماہ قبل 25 سال کی سزا کاٹنے کے بعد جیل سے رہا کیا گیا تھا۔ تاہم رہائی کے فوراً بعد رانا غیر قانونی کانکنی کیس میں ملوث ہو گیا جس کی وجہ سے اسے دوبارہ گرفتار کر لیا گیا۔