اوٹاوا:کینیڈا کے برٹش کولمبیا میں سکھوں نے ہندو کمیونیٹی کی عبادت گاہ میں توڑ پھوڑ کرکے خالصتان ریفرنڈم کے پوسٹرز کو مندر کے مرکزی دروازے پر چسپاں کردیا۔ہند وستانی میڈیا کے مطابق مندر کے دروازے پر چسپاں کیے جانے والے پوسٹرمیں لکھا تھا کہ کینیڈا 18 جون کے قتل میں بھارت کے کردار کی تحقیقات کر رہا ہے۔مندر کے دروازے پر لگے پوسٹر پر ہردیپ سنگھ ننجر کی تصویر بھی تھی۔ ہردیپ سنگھ نجار کینیڈا کے علاقے سرے میں گرو نانک سکھ گوردوارہ کے سربراہ تھے۔انہیں 18 جون کی شام گرودوارے کے احاطے میں دو نامعلوم افراد نے قتل کر دیا تھا، وہ علیحدگی پسند تنظیم خالصتان ٹائیگر فورس(کے ٹی ایف)کے سربراہ تھے۔واضح رہے کہ رواں سال کینیڈا میں مندر میں توڑ پھوڑ کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔31جنوری کو کینیڈا کے برامپٹن میں مشہور مندر میں توڑ پھوڑ کی گئی ساتھ ہی بھارت مخالف چاکنگ کی، جس پر ہندوستان میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔برامپٹن کے میئر پیٹرک بران نے مندر کی دیواروں پر ہند وستان کی جانب نفرت سے بھرے پیغامات لکھنے کے واقعہ کی مذمت کی تھی۔اپریل میں کینیڈا کے اونٹاریو میں ایک اور مندر میں ہندوستان مخالف چاکنگ کے ساتھ توڑ پھوڑ کی گئی۔ونڈسر پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کی، جس میں دو مشتبہ افراد کو مندر کی دیواروں پر پینٹنگ اسپرے کرتے دکھایا گیا ہے۔