ہندوستان میں ٹی بی کیسس جاریہ سال 17.7 فیصد کم درج کئے گئے

   

ٹی بی کیسس میں اُترپردیش سرِفہرست، مہاراشٹرا کا دوسرا نمبر، تلگوریاستوں میں مریضوں کی تعداد میں کمی

حیدرآباد۔/15 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ملک بھر میں جاریہ سال ٹی بی کے کیسس میں کمی واقع ہوئی ہے۔ مرض سے متعلق عوام میں شعور بیداری اور علاج کی بہتر سہولتوں کے سبب ملک میں ٹی بی کے کیسس میں جاریہ سال کمی درج کی گئی۔ کیسس کے اعتبار سے اُتر پردیش سرِفہرست ہے جبکہ مہاراشٹرا دوسرے نمبر پر ہے۔ جاریہ سال ٹی بی کیسس کے بارے میں مرکزی حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اُترپردیش میں 563573 کیسس درج کئے گئے جبکہ مہاراشٹرا میں ٹی بی کے درج شدہ کیسس کی تعداد 186706 ہے۔ بہار میں 169193 جبکہ گجرات میں 113431 کیسس درج ہوئے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق ہندوستان میں ٹی بی کے کیسس میں 17.7 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔ 2015 میں ہر ایک لاکھ کی آبادی میں 237 مثبت کیسس درج کئے گئے تھے جبکہ 2023 میں یہ تعداد گھٹ کر 195 ہوچکی ہے۔ 2015 میں ہر ایک لاکھ آبادی میں 28 اموات واقع ہوئی تھیں جو 2023 میں گھٹ کر 22 ہوچکی ہیں۔ تلنگانہ میں ٹی بی کیسس میں کمی واقع ہوئی اور اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ برسوں کے مقابلہ 21.4 فیصد کیسس کم ہوئے ہیں۔ تلنگانہ میں جاریہ سال62722 کیسس درج کئے گئے جبکہ آندھرا پردیش میں ٹی بی کیسس کی تعداد 69371 درج ہوئی ہے۔ کرناٹک میں 65186 ، ٹاملناڈو 77820 ، دہلی 88868 ، ہریانہ 73703 ، پنجاب 49739 ، راجستھان 145405 ، مغربی بنگال 83962 ، آسام 42202 ، جھارکھنڈ 53213 ، مدھیہ پردیش 149093 ، اوڈیشہ 48917 جبکہ چھتیس گڑھ میں 32526 کیسس درج کئے گئے۔ ٹی بی کیسس میں اُتر پردیش ، راجستھان، مدھیہ پردیش ، مہاراشٹرا اور گجرات ملک میں زیادہ متاثر ہیں۔ چھتیس گڑھ ٹی بی سے سب سے کم متاثرہ ریاستوں میں شامل ہے۔1