دبئی، 9 ستمبر (آئی اے این ایس) سات مرتبہ کی چمپئن ہندوستان کی ٹیم خواتین ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں جمعرات کو بنگلہ دیش کے خلاف میدان میں اترے گی، جہاں اس کی نظریں فائنل میں جگہ بنانے کے ساتھ ساتھ مڈل آرڈرکی بیٹنگ میں استحکام پیدا کرنے پر ہوں گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ مقابلہ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ سیمی فائنل جیتنے والی ٹیم 13 ستمبر کو ہونے والے فائنل میں پہنچ جائے گی۔ ہندوستان نے حالیہ برسوں میں بنگلہ دیش کے خلاف ٹی20 کرکٹ میں شاندار ریکارڈ قائم کیا ہے اور دونوں ٹیموں کے درمیان آخری 8 ٹی20 انٹرنیشنل مقابلوں میں ہندوستان نے کامیابی حاصل کی ہے۔ تاہم 2018 کا ایشیا کپ ہندوستان کے لیے ایک یاد دہانی ہے، جب بنگلہ دیش نے اسے دو مرتبہ شکست دی تھی اور فائنل جیت کر پہلی مرتبہ ایشیا کپ کا خطاب حاصل کیا تھا۔ گروپ اے میں سرفہرست رہنے والا ہندوستان اس ٹورنمنٹ میں مضبوط دعویدار ہے، لیکن اس کی بیٹنگ میں بعض مواقع پرکمزوری دکھائی دی ہے۔ ٹورنمنٹ میں تھائی لینڈ کے خلاف ہندوستان نے صرف 46 رنزکے عوض 8 وکٹیں گنوائی تھیں، جس سے مڈل آرڈرکے مسائل نمایاں ہوئے۔ یہی کمزوری حالیہ ٹی20 ورلڈ کپ میں بھی ہندوستان کے لیے مشکلات کا سبب بنی تھی، جہاں ٹیم سیمی فائنل میں جگہ نہیں بنا سکی تھی۔ بنگلہ دیش نے گروپ بی میں دوسرے مقام پر رہتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ اس نے اپنے آخری گروپ میچ میں متحدہ عرب امارات کو 34 رنز سے شکست دے کر آخری چار میں جگہ پکی کی۔ بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 103رنز بنائے، جس کے جواب میں متحدہ عرب امارات کی ٹیم 69 رنز تک ہی پہنچ سکی۔ بنگلہ دیش کی فاسٹ بولرمرفا اکٹر ہندوستان کے ٹاپ آرڈرکے لیے بڑا خطرہ ثابت ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے ٹورنمنٹ کے ہر میچ میں اپنے ابتدائی اسپیل میں وکٹ حاصل کی ہے اور ان کا اکانومی ریٹ 3.27 ہے۔ نئی گیند کو سوئنگ کرنے کی ان کی صلاحیت اسمرتی مندھانا، شفالی ورما اور پرتیکا راول کے لیے چیلنج ہوگی۔ زخمی جمیما روڈریگزکی جگہ نمبر تین پر کھیلنے والی پرتیکا راول نے 3 اننگز میں 36 رنز بنائے ہیں۔ سیمی فائنل میں ان کے پاس بڑی اننگز کھیل کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرنے کا موقع ہوگا۔ اسمرتی مندھانا بھی ایک اہم سنگ میل کے قریب ہیں۔ خواتین ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والی کھلاڑی بننے کے لیے انہیں مزید 69 رنز درکار ہیں۔ اس سے قبل وہ ہانگ کانگ کے خلاف 124 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر خواتین کی بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والی کھلاڑی بن چکی ہیں۔ اس اننگز کے ساتھ وہ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والی خاتون کھلاڑی بھی بن گئی تھیں۔ دبئی کی اسپن کے لیے سازگار پچ پر ہندوستان کے اسپنرز بھی شاندار رہے ۔