ہندوستان کی نظریں خطاب کی ہیٹ ٹرک پرمرکوز

   

بھوپال، 18نومبر (یواین آئی) خواتین کی ایشیائی چمپئنز ٹرافی 2026 ہاکی ٹورنمنٹ کا آغاز 19 نومبرکو مدھیہ پردیش کے بھوپال میں ہوگا۔ موجودہ چمپئن ہندوستان کی نظریں اپنے ہوم گراؤنڈ پر مسلسل تیسرا خطاب جیتنے اور مجموعی طور پر چوتھی مرتبہ چمپئن بننے پر مرکوز ہیں۔ 10روزہ ٹورنمنٹ میں ایشیاکی چھ اہم خواتین ہاکی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ مقابلے کا اختتام28 نومبرکو فائنل کے ساتھ ہوگا۔ ایشیائی چمپئنز ٹرافی کے نویں ایڈیشن میں ہندوستان، چین، جاپان، جنوبی کوریا، ملائیشیا اور تھائی لینڈکی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ ٹورنمنٹ کا انعقاد ناتھو برکھیڑا میں واقع انٹرنیشنل اسپورٹس کمپلیکس میں کیا جائے گا۔ہندوستانیہاکی ٹیم اس ٹورنمنٹ میں ایک بڑی کامیابی کے بعد میدان میں اترے گی۔ حال ہی میں جاپان کے آئیچی ۔ ناگویا میں منعقدہ2026 کے ایشیائی کھیلوں میں ٹیم نے44 سال کا انتظار ختم کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیتا تھا۔ اس مرتبہ ٹیم کی قیادت مڈفیلڈر سلیمہ ٹیٹے کریں گی۔ایشیائی کھیلوں کے فائنل میں ہندوستان نے چین کو1-0 سے شکست دے کر 1982کے بعد خواتین ہاکی میں اپنا پہلا گولڈ میڈل جیتا تھا۔ ایشیائی کھیلوں میں شاندارکامیابی کے بعد یہ ہندوستان کا پہلا بین الاقوامی ٹورنمنٹ ہوگا۔ہندوستان اب تک یہ ٹورنمنٹ تین مرتبہ، 2016، 2023 اور 2024میں جیت چکا ہے ۔ اس کی گزشتہ کامیابی بہار کے راجگیر میں ملی تھی، جہاں فائنل میں چین کو شکست دے کر ہندوستان نے اپنے خطاب کا کامیابی سے دفاع کیا تھا۔ جنوبی کوریا بھی تین مرتبہ چمپئن رہ چکا ہے ، جبکہ جاپان نے2013 اور 2021 میں دو مرتبہ یہ خطاب جیتا ہے ۔چھوں ٹیمیں سنگل راؤنڈ رابن فارمیٹ میں مقابلہ کریں گی، جس کے تحت ہر ٹیم لیگ مرحلے میں پانچ میچ کھیلے گی۔ پوائنٹس ٹیبل کی سرفہرست چار ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی۔پہلے سیمی فائنل میں پوائنٹس ٹیبل پر پہلے مقام پر رہنے والی ٹیم کا مقابلہ چوتھے مقام کی ٹیم سے ہوگا، جبکہ دوسرے اور تیسرے مقام کی ٹیمیں دوسرے سیمی فائنل میں ہوں گی۔