ہندوستان کیساتھ بہت بڑاتجارتی معاہدہ متوقع :ٹرمپ

,

   

نئی دہلی، 27 جون (یو این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کا ملک ہندوستان کے ساتھ ‘بہت بڑا’ تجارتی معاہدہ کر سکتا ہے ۔ صدر کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ہندستان کا ایک اعلیٰ سطحی وفد تجارتی مذاکرات کے آخری دور کے لیے واشنگٹن گیا ہوا ہے ۔صدر ٹرمپ نے حال ہی میں ہندستان پر اضافی 26 فیصد درآمدی ڈیوٹی عائد کی تھی لیکن ہندستانی حکومت کے موقف کے پیش نظر اسے 9 جولائی تک ملتوی کر دیا گیا تھا جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی معاہدے پر بات چیت شروع ہو گئی۔ مسٹر ٹرمپ نے کہا کہ ہندوستان امریکی اشیا پر زیادہ درآمدی ڈیوٹی لگاتا ہے جبکہ یہ ڈیوٹی امریکہ کی طرف سے کم ہے ۔ وائٹ ہاؤس میں ایک پروگرام میں ٹرمپ نے کہا کہ چین کے ساتھ تجارتی معاہدہ ہو چکا ہے اور اسی طرح کا تجارتی معاہدہ ہندوستان کے ساتھ بھی کیا جا سکتا ہے ۔ صدر نے کہا، “ہندوستان کے ساتھ ایک معاہدہ ہو سکتا ہے … ہم ہندستان کے ساتھ ویسا ہی معاہدہ کرنے جا رہے ہیں جیسا کہ ہم نے چین کے ساتھ کیا ہے ۔ ہم نے ابھی چین کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے ۔ ہم سب کے ساتھ ڈیل نہیں کرنے والے ہیں۔ لیکن ہم کچھ بہترین معاہدے کر رہے ہیں۔ ہو سکتا ہے کہ ہندستان کے ساتھ بہت بڑا معاہدہ کیا جائے ۔ہندوستان امریکہ کی طرف سے عائد اضافی 26 فیصد ڈیوٹی سے مکمل چھوٹ اور ٹیکسٹائل، جواہرات اور زیورات، چمڑے کے سامان پر ڈیوٹی میں رعایت چاہتا ہے ۔

چین کے ساتھ تجارتی معاہدہ ہو گیا ہے:ٹرمپ

واشنگٹن ۔ 27 جون (ایجنسیز) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ہم نے چہارشنبہ کے روز چین کے ساتھ تجارتی معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ٹرمپ نے جمعرات کو وائٹ ہاؤس میں ون بگ بیوٹی فل بل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ابھی چین کے ساتھ دستخط کیے گئے ہیں۔ ہم نے چین سے معاہدہ شروع کر دیا ہے. ایسی چیزیں جو واقعی کبھی نہیں ہو سکتی تھیں۔ یاد رہے کہ امریکی اور چینی حکام نے رواں ماہ کے اوائل میں لندن میں محصولات کے معاملے پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے ملاقات کی تھی۔اپریل میں امریکہ نے چین سے درآمد کی جانے والی اشیاء پر اہم محصولات کا نفاذ شروع کیا تھا۔ لیکن مئی میں امریکہ اور چین نے ابتدائی 90 دنوں کے لیے تادیبی محصولات کو وسیع پیمانے پر واپس لینے پر اتفاق کیا تھا۔ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ ہندوستان کے ساتھ بھی معاہدے پر دستخط کرسکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ امریکہ نے محصولات سے 88 ارب ڈالر جمع کیے ہیں۔وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے تصدیق کی کہ انتظامیہ اور چین نے جنیوا معاہدے پر عملدرآمد کے فریم ورک کے لیے اضافی مفاہمت پر اتفاق کیا ہے۔ عہدیدار نے کہا کہ یہ مفاہمت اس بارے میں ہیکہ ہم امریکہ کو نایاب زمین کی ترسیل کو دوبارہ تیز کرنے کے لئے کس طرح عملدرآمد کرسکتے ہیں۔ بلومبرگ نے امریکی وزیر تجارت ہاورڈ لوٹنک کے حوالے سے بتایا کہ وہ ہمیں نایاب زمینیں فراہم کرنے جا رہے ہیں’ اور ایک بار جب وہ ایسا کریں گے توہم اپنے جوابی اقدامات ختم کر دیں گے۔ ریپبلکن ٹیکس اور اخراجات میں کٹوتی سے متعلق قانون سازی کو فروغ دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ون بگ بیوٹی فل بل امریکہ کی تاریخ میں قانون سازی کے اہم ترین حصوں میں سے ایک ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ون بگ بیوٹی فل بل ہماری سرحدوں کو محفوظ بنائے گا، ہماری معیشت کو مستحکم کرے گا اور امریکی خواب کو واپس لائے گا۔گزشتہ ماہ ایوان نمائندگان کی جانب سے اس قانون کی منظوری کے بعد سینیٹ کے ریپبلیکن ارکان اب اسے منظوری کے لیے ایوان زیریں میں بھیجنے سے قبل تبدیلیوں کے ساتھ اسے منظور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔