ہندوستان کے مصنوعی سیارے کی خلا میں روانگی پر ملاجلا ردعمل

   

بی جے پی قیادت کی جانب سے تعریف ، اپوزیشن کا اقدام پر طنز، ممبئی میں عوام کا اظہار مسرت
نئی دہلی/ لکھنو۔27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی جانب سے خلاف میں اپنا پہلا مصنوعی سیارہ روانہ کیا گیا جس پر ملاجلا ردعمل حاصل ہوا۔ جہاں برسر اقتدار بی جے پی نے وزیراعظم اور ہندوستانی عوام کو مبارکباد دی وہیں اپوزیشن پارٹیوں کی جانب سے وزیراعظم کے اس اقدام کو لامتناہی ڈرامہ قرار دیتے ہوئے اس پر طنز کیا گیا۔ پٹنہ سے موصولہ اطلاع کے بموجب چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے ڈی آر ڈی او کو اپنے ’’مشن شکتی‘‘ کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد دی اور دفاعی مصنوعی سیارہ خلاء میں روانہ کرنے پر انہیں تہنیت پیش کی۔ جبکہ حیدرآباد سے موصولہ اطلاع کے بموجب سابق صدرنشین اسرو کے کستور رنگن نے کہا کہ انہیں اپنے ملک پر فخر ہے جس نے کامیابی کے ساتھ مخالف مصنوعی سیارہ میزائل صلاحیت کا حامل خلاء میں روانہ کیا ہے۔ انہوں نے اسے ایک اہم اقدام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی عظیم دن ہے اور ہم سب کو اس اہم اقدام پر فخر کرنا چاہئے کیوں کہ یہ غالباً ایک مشکل اقدام تھا جو کامیابی سے اٹھایا گیا۔ لکھنو سے موصولہ اطلاع کے بموجب وزیراعظم نریندر مودی نے ٹی وی پر قوم سے ایک گھنٹہ طویل خطاب کیا اور عوام کی توجہ حقیقی مسائل کی جانب سے ہٹادی۔ صدر سماج وادی پارٹی اکھلیش یادو نے کہا کہ مودی کے قوم سے خطابت کے کچھ ہی دیر بعد مخالف مصنوعی سیارہ میزائل صلاحیت کا مشن شکتی تکمیل پایا۔ صدر بی ایس پی مایاوتی نے وزیراعظم نریندر مودی پر الزام عائد کیا کہ وہ ہندوستان کے مخالف مصنوعی سیارہ میزائل صلاحیت کے حامل مشن شکتی کی کامیابی کو سیاست کرنے کے لیے استعمال کررہے ہیں۔ انہوں نے محکمہ دفاع کے سائنسدانوں کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کی لیکن کہا کہ وزیراعظم نے اس کی آڑ میں انتخابی فوائد حاصل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے اور یہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ نئی دہلی سے موصولہ اطلاعات کے بموجب صدر ترنمول کانگریس ممتا بنرجی نے آج وزیراعظم نریندر مودی پر ان کے مخالف مصنوعی سیارہ میزائل صلاحیت کے مشن شکتی کی کامیاب تکمیل کو ایک اور لامتناہی ڈرامہ قرار دیا اور کہا کہ وزیراعظم نے اس اعلان کے ذریعہ سیاسی فوائد حاصل کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ضابطہ اخلاق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ یہ اعلان کرنے کی ایسی کیا عجلت تھی کہ حکومت نے ایک ایسے وقت اس کا اعلان کیا ہے جبکہ یہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے زمرے میں شامل کیا جاسکتا ہے۔ کولکتہ سے موصولہ اطلاع کے بموجب ترنمول کانگریس نے بھی اپنے صدر کے خیالات کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر مشن شکتی کی کامیاب تکمیل کے ذریعہ سیاسی مفادات حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ ممتا بنجری نے نشاندہی کی کہ تحقیق، خلائی انتظام اور ترقی ایک مسلسل عمل ہے انہوں نے کہا کہ مودی نے اپنے معمول کے مطابق اس کامیابی کا سہرہ اپنے سر باندھنے کی کوشش کی ہے۔ جیسے کہ اس مشن کی کامیابی کے لیے سب کچھ انہوں نے ہی کیا ہے۔ ممبئی سے موصولہ اطلاع کے بموجب وزیراعظم کے اعلان پر ممبئی شہریوں نے بھرپور اظہار مسرت کیا۔