ممبئی : سپریم کورٹ کے فیصلوں کی کاپی اب جلد ہی ہندی سمیت ملک کی دیگر زبانوں میں دستیاب کرائی جائے گی۔ اس سے لوگوں کو اپنی زبان میں عدالت کے فیصلے کی معلومات حاصل ہوگی۔ چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندرچوڑ نے کل بار کاونسل آف مہاراشٹر اینڈ گوا (بی سی ایم جی) کی جانب ممبئی کے دادر میں واقع یوگی سبھاگرہ میں منعقدہ ایک پروگرام کے دوران یہ اعلان کیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ملک کے آخری شخص کو تیزی اور سستے میں انصاف ملے، اس کی ہرممکن کوشش کی جائے گی۔ جب تک ہمارے ملک کے شہری کو اس زبان میں عدالت کے فیصلے کی جانکاری نہیںملے گی جس زبان کو وہ سمجھتا ہے تب تک عدالتی نظام کی تاثیر ثابت نہیں ہو سکے گی۔انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی مدد سے عدالتوں میں جامع تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی مدد سے سپریم کورٹ کے فیصلوں کو ہر زبان میں دستیاب کرانے کا کام جاری ہے۔ اس لیے قانون شخص کے اوپر نہیں ہوسکتا بلکہ قانون کو فرد کے لیے بنایا گیا ہے۔ چیف جسٹس چندرچوڑ نے عدالت کی کارروائی کے راست ٹیلی کاسٹ پر بھی زور دیا اور کہا، میرا مشن ہے کہ عدلیہ کے کام کاج اور تکنیک بہتر بنے۔ انہوں نے عدلیہ میں خواتین کی حصہ داری بڑھانے کی تعریف کرتے ہوئے نوجوان اور نئے وکیلوں کو زیادہ مواقع دینے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ میں روزانہ آدھے گھنٹے نوجوان وکیلوں کو سنتا ہوں۔ اس سے ملک کی نبض کی جانکاری ملتی ہے۔چیف جسٹس نے بار کاونسل آف مہاراشٹر اینڈ گوا (بی سی ایم جی) کی جانب سے تیار کی گئی سیول و کریمنل پریکٹس ہینڈبْک کا رسم اجرا انجام دیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے بی سی ایم جی کے ایئر نیوز و وویوز چینل کی بھی شروعات کی۔