ہندوستانی عازمین عمرہ کیلئے ربیع الاول میں ویزوں کی اجرائی کے امکانات نہیں

   

کورونا سے شدید متاثرہ ممالک کے معتمرین کو اجازت نہ دینے سعودی حکومت کا فیصلہ

حیدرآباد۔ ماہ ربیع الاول میں ہندستانی عازمین عمرہ کیلئے سفری سہولتوں کے آغاز کے امکانات نہیں ہیں اور نہ ہی سعودی حکام کی جانب سے ہندستانی عازمین کو فوری ویزوں کی اجرائی کے سلسلہ میں احکام کی اجرائی کے امکانات نظر آرہے ہیں۔سعودی حکام کی جانب سے 15 ربیع المنور سے دنیا بھر سے معتمرین کیلئے ویزوں کی اجرائی کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے لیکن ساتھ میں یہ بھی کہا جارہا ہے کہ جن ممالک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد زیادہ ہے ان ممالک سے تعلق رکھنے والے عازمین کو عمرہ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ماہ ربیع الاول کے ابتدائی دو ہفتوں کے دوران ہندستان کے علاوہ پاکستان‘ بنگلہ دیش اور دنیا کے دیگر ممالک سے لاکھوں کی تعداد میں معتمرین عمرہ کی ادائیگی کیلئے مکہ مکرمہ اور خاتم النبین حضرت محمد مصطفی ﷺ کی بارگاہ میں حاضری کیلئے مدینہ منورہ پہنچتے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ اسلامی سال کے آخری مہینہ ذی الحجہ میں ایام حج میں دنیا بھر سے لاکھوں کی تعداد میں مسلمان حج بیت اللہ کی ادائیگی کیلئے مکہ مکرمہ پہنچتے ہیں اور سال کے دوران حرمین شریفین میں ماہ رمضان المبارک کے دوران دیکھا جاتا ہے اور اس کے بعد ماہ ربیع الاول کے میں سب سے زیادہ معتمرین کی تعداد حرمین شریفین میں ہوا کرتی ہے لیکن اس مرتبہ ہندستان سے ماہ ربیع الاول میں عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے خواہشمندوں کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ دنیابھر میں کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے بعد طویل مدت تک حرمین شریفین کو بھی بطور احتیاط بند رکھا گیا تھا

لیکن دو یوم قبل سعودی عرب کے حدود میں رہنے والوں کیلئے وزارت امور حج و عمرہ کی جانب سے عمرہ کی خدمات کو بحال کیا گیا ہے عمرہ کی خدمات کے آغاز کے ساتھ ہی حرمین شریفین کے ٹوئیٹر کے ذریعہ اس بات کی اطلاع دی گئی ہے کہ 15ربیع الاول سے دنیا بھر کے عمرہ کے خواہشمندوں کیلئے ویزوں کی اجرائی کا عمل شروع کیا جائے گا لیکن جن ممالک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے ان ممالک کے خواہشمندوں کو فی الحال ویزوں کی اجرائی عمل میں نہیں لائی جائے گی ۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ہندستانی عازمین عمرہ کیلئے فوری خدمات کا آغاز کئے جانے کے امکانات نہیں ہیں اسی لئے عمرہ پر روانگی کے خواہشمندوں کو عمرہ کی بکنگ میں احتیاط کریں کیونکہ سعودی حکام کی جانب سے جب تک اجازت نہیں دی جاتی اس وقت تک ہندستانی عازمین عمرہ کی روانگی ممکن نہیں ہے اسی لئے کسی بھی طرح کی دھوکہ دہی کا شکار ہونے سے محفوظ رہنے کیلئے پاسپورٹ اور پیشگی رقومات حوالہ کرنے سے گریز کیا جائے۔