ہندوستانی فوج کی بہادری کی تصویری نمائش

   

نئی دہلی : 12 سے 26 جولائی تک منعقد ہونے والی اس نمائش کو راجیو چوک میٹرو اسٹیشن کے داخلی راستے 2 اور 3 سے ناظرین کی گیلری میں دیکھا جا سکتا ہے۔ اس کے لئے داخلہ مفت ہے۔ کارگل وجے دیوس جو26 جولائی کو 25 ویں سالگرہ کی یاد میں ملک بھر میں ’کارگل وجے سلور جوبلی مہوتسو‘ منایا جا رہا ہے۔ نیشنل بک ٹرسٹ، انڈیا اور دہلی میٹرو ریل کارپوریشن کی مشترکہ کوششوں سے راجیو چوک میٹرو اسٹیشن کے قریب ناظرین کی گیلری میں 12 سے 26 جولائی تک تصویری نمائش کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس نمائش کا مقصد 1999 کی کارگل جنگ کے دوران ہندوستانی مسلح افواج کی بہادری کا مظاہرہ کرنا اور ملک کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔ نمائش میں شامل تصاویر ہندوستانی فوج کی جانب سے فراہم کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ یہاں ایک بک ریڈنگ کارنر بنایا گیا ہے، جہاں مسافروں کو کارگل جنگ سے متعلق این بی ٹی کی کتابیں پڑھنے کا موقع بھی ملے گا۔ نمائش کے افتتاحی پروگرام کے دوران نیشنل بک ٹرسٹ انڈیا کے صدر ملند سدھاکر مراٹھے نے کہا کہ جو لوگ 1999 کی کارگل جنگ کے دوران بچے تھے، آج وہ جوان ہو چکے ہیں اور انہیں کارگل جنگ کے بارے میں مکمل معلومات ہونی چاہیے۔