ہندی کو اقوام متحدہ کی زبان کا درجہ دینے کیلئے ضابطہ تبدیل کروانے کی مہم

   

نئی دہلی، 10 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے ہندی کو اقوام متحدہ کی آفیشیل زبان کا درجہ دلانے کے لیے اس ضابطے میں تبدیلی کی مہم شروع کی ہے جس میں اس تجویز کی حمایت کرنے والے ممالک پر خرچ کا ذمہ ڈالا گیا ہے ۔ وزیر خارجہ سشما سوراج نے آج یہاں عالمی یوم ہندی کے موقع پر اپنی وزارت میں منعقدہ ایک پروگرام میں یہ اطلاع دی۔ پروگرام میں وزیر مملکت برائے امورخارجہ جنرل وی کے سنگھ اور وزیر داخلہ کرن رجیجوبھی موجود تھے ۔ سوراج نے بتایا کہ اقوام متحدہ میں ہندی کو آفیشیل زبان کا درجہ دلانے لیے ، اس سلسلے میں آنے والی تجویز کی دو تہائی ممالک کی جانب سے حمایت ضرور ملے گی۔ دقت اس بات کی ہے کہ حمایت کرنے والے ممالک کو اس سلسلے میں ہونے والے خرچ میں حصہ دار بننا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 177 ممالک کے عالمی یوم یوگ کی تجویز کی حمایت کو پیش نظر ہندی کے حق میں تقریباً129 ممالک کی حمایت حاصل کرنا مشکل نہیں ہوگا۔ لیکن خرچ کرنے کی شرط ہونے کی وجہ سے چھوٹے اور غریب ممالک کو مشکل ہوگی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ یوں تو ہندوستان پورا خرچ اٹھانے کے لیے تیار ہے لیکن ضابطے کی وجہ سے یہ ممکن نہیں ہے ۔ اسی وجہ سے جرمن اور جاپانی زبان کو بھی اقوام متحدہ کی آفیشیل زبان کا درجہ نہیں مل پایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اقوام متحدہ کے اس ضابطے کو بدلوانے کے لیے مہم شروع کر دی ہے ۔ ہندوستان کا کہنا ہے کہ اگر وہ خود پورا خرچ اٹھانے کو تیار ہے تو ہندی کو اقوام متحدہ کی آفیشیل زبان ہونے کا درجہ ملنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان یہیں پر نہیں رکا ہے ۔ اقوام متحدہ کے محکمہ تشہیر میں ہفتہ وار نیوز بلیٹن کی اشاعت ، ٹویٹر اور فیس بک پر ہندی کی خبروں کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کے دستاویز کا ہندی میں ترجمہ کا کام شروع ہوچکا ہے ۔ اس طرح سے ہندی نے آفیشیل زبان کا درجہ حاصل کیے بغیر ہی اقوام متحدہ میں جگہ بنا لی ہے ۔ امید ہے کہ آفیشیل زبان ہونے کا درجہ حاصل کرنے میں ہندی کو زیادہ وقت نہیں لگے گا۔