نئی دہلی : ہندوستان اور چین کے سفارت کاروں نے آج بیجنگ میں سرحد پار دریاؤں کے اعداد و شمار کا تبادلہ اور کیلاش۔مانسروور یاترا کی جلد از جلد دوبارہ بحالی سمیت سرحدی انتظام کو آگے بڑھانے کے لئے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ ہند۔ چین سرحدی امور پر مشاورت اور رابطہ کاری کے لیے ورکنگ میکانزم (ڈبلیو ایم سی سی) کی 33ویں میٹنگ منگل کو بیجنگ میں ہوئی۔ ہندوستانی وفد کی قیادت جوائنٹ سکریٹری (مشرقی ایشیا) گورانگ لال داس نے کی جبکہ چینی وفد کی قیادت وزارت خارجہ کے محکمہ سرحدی اور سمندری امور کے ڈائریکٹر جنرل ہانگ لیانگ نے کی۔ وزارت خارجہ نے یہاں کہا کہ مثبت اور تعمیری ماحول میں ہونے والی اس میٹنگ میں ہند-چین سرحدی علاقوں میں لائن آف ایکچول کنٹرول پر صورتحال کا جامع جائزہ لیا گیا۔ دوطرفہ تعلقات کی ہموار ترقی کے لیے سرحد پر امن و امان بہت ضروری ہے ۔ دونوں فریقوں نے دسمبر 2024 میں بیجنگ میں ہند-چین سرحدی سوال پر خصوصی نمائندوں کی 23ویں میٹنگ کے دوران کئے گئے فیصلوں کو نافذ کرنے اور موثر سرحدی انتظام کو آگے بڑھانے کے لئے مختلف اقدامات اور تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں فریقین نے اس سمت میں متعلقہ سفارتی اور فوجی میکانزم کو برقرار رکھنے اور مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے سرحد پار تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا،جس میں سرحد پار ندیوں کے اعداد و شمار کے تبادلے اور کیلاش۔مانسروور یاترا کی جلد از جلد بحالی شامل ہیں۔ دونوں فریقوں نے خصوصی نمائندوں (ایس آر) کی اگلی میٹنگ کی تیاری کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا، جو اس سال کے آخر میں ہندوستان میں منعقد ہوگی۔ ہندوستانی وفد کے سربراہ مسٹر داس نے معاون وزیر خارجہ ہانگ لئی سے بھی خیر سگالی ملاقات بھی کی۔