حصول تعلیم کو آسان بنانے کی کوشش۔ برطانیہ کے ماسٹرس پروگرام کو تسلیم کرنے پر غور
نئی دہلی : ہندوستان اور برطانیہ کے درمیان 25 اپریل 2022 کو دستخط شدہ تعلیمی کورسز سے متعلق مفاہمت برائے یادداشت کو منظوری دے دی گئی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی زیرصدارت مرکزی کابینہ نے بدھ کے روز اس کو منظوری دے ہے۔ قومی تعلیمی پالیسی 2020 میں اس کا تصور پیش کیا گیا ہے کہ تعلیم کے حصول کو آسان سے آسان تر بنایا جائے۔ برطانیہ کے اعلی تعلیمی اداروں کی جانب سے یہ ایم او یو اعلیٰ تعلیمی اداروں (HEIs) کے درمیان مشترکہ کورسز کی پیشکش کی سہولت بھی فراہم کرتا ہے۔ہندوستان اور برطانیہ کے درمیان تعلیمی قابلیت سے متعلق باہمی شناخت (MRQs) کا مقصد تعلیمی تعاون بڑھانا ہے اور طلبہ کی ہندوستان اور برطانیہ میں منتقلی کو فروغ دینا ہے۔ برطانیہ کی جانب سے ان کے ایک سالہ ماسٹرز پروگرام کو تسلیم کرنے کی درخواست پر غور کیا گیا۔ وہیں دونوں ممالک کے وزرائے تعلیم کے درمیان 16 دسمبر 2020 کو دہلی میں ہونے والی میٹنگ کے دوران ایک مشترکہ ٹاسک قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اس سلسلے میں پہلی میٹنگ 4 فروری 2021 کو ہوئی تھی اور اس کے بعد تفصیلی غور و خوض اور گفت و شنید کے بعد دونوں فریقوں نے ایم او یو کے مسودے پر اتفاق کیا۔ مفاہمت نامے کا مقصد دونوں ممالک کے تعلیمی اداروں کی طرف سے تعلیمی قابلیت، اسٹڈی کے دورانیے، تعلیمی ڈگریوں یا قابلیت سے متعلق دستاویزات اور ایکریڈیٹیشن کی باہمی شناخت میں سہولت فراہم کرنا ہے۔