ہند۔سلوواکیہ نے دفاع، اے آئی اور دہشت گردی کیخلاف تعاون سمیت 11معاہدوں پر دستخط کئے

   

نئی دہلی/ براتیسلاوا، 15 جون (یو این آئی) ہندوستان اور سلوواکیہ نے اپنے دوطرفہ تعلقات کو ‘جامع شراکت داری’ کے درجے تک اپ گریڈ کرتے ہوئے دفاعی تعاون، مصنوعی ذہانت (اے آئی)، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، اعلیٰ تعلیم، سائنسی تحقیق اور صحت کے شعبے سمیت مختلف شعبوں میں 11 اہم معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔ ان معاہدوں کو دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعاون کو نئی سمت دینے کی طرف ایک بڑا قدم مانا جا رہا ہے ۔سلوواکیہ کے دورے پر گئے وزیر اعظم نریندر مودی اور سلوواکیہ کے وزیر اعظم رابرٹ فیکو کے درمیان پیر کو براتیسلاوا میں دوطرفہ میٹنگ کے بعد ان معاہدوں پر دستخط کیے گئے ۔ دونوں ممالک کے درمیان اہم معاہدوں میں لیبر مائیگریشن کے شعبے میں تعاون سے متعلق مفاہمت نامہ (ایم او یو)، دفاعی شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے لیٹر آف انٹینٹ اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون سے متعلق مفاہمت نامہ شامل ہیں۔ دونوں ممالک نے اعلیٰ تعلیم و تحقیق اور آڈیو ویژول تخلیق کے شعبے میں بھی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے ۔ ابھرتی ہوئی اور جدید ترین ٹیکنالوجیز کے شعبے میں تعاون کو نئی تحریک دیتے ہوئے یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کوشیسے میں انڈین کونسل فار کلچرل ریلیشنز (آئی سی سی آر) کی جانب سے مصنوعی ذہانت پر پہلی چیئر قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ کوانٹم کمیونیکیشن اور اہم انفراسٹرکچر کے تحفظ کے شعبے میں بھی ایک اہم معاہدہ ہوا، جو دونوں ممالک کے تکنیکی تعاون کو مزید مضبوط کرے گا۔صحت کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے وزارت آیوش کے تحت نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف نیچروپیتھی، پونے اور سلوواک ہیلتھ اسپا پیستانی کے درمیان مفاہمت نامے پر دستخط کیے گئے ۔ وہیں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، دہلی اور سلوواک یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے درمیان طلبہ کے تبادلے کے پروگرام، اسکالرشپ اور مشترکہ تحقیقی تعاون کو لے کر ایک معاہدہ طے پایا۔ دونوں ممالک نے سیاحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے اور انڈین نیشنل سائنس اکیڈمی (آئی این ایس اے ) اور سلوواک اکیڈمی آف سائنسز (ایس اے ایس) کے درمیان سائنسی تعاون کے معاہدے پر بھی دستخط کیے ، جس سے تحقیق اور اختراع کے شعبے میں شراکت داری کو مضبوطی ملے گی۔ معاہدوں کے علاوہ دونوں فریقوں نے دہشت گردی کے خلاف تعاون کو ادارہ جاتی شکل دینے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ کی تشکیل اور شہری خدمات و عوامی رابطوں کو مضبوط بنانے کے مقصد سے قونصلر ڈائیلاگ کا نظام قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ان جامع معاہدوں اور اعلانات کے ساتھ ہندوستان اور سلوواکیہ نے سیاسی، اقتصادی، ٹیکنالوجی اور اسٹریٹجک شعبوں میں تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اظہار کیا ہے ، جس سے دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ہوا ہے ۔