حیدرآباد۔/23 نومبر، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش ہائی کورٹ نے آنگن واڑی سوپر وائزرس کے عہدوں پر تقررات کیلئے ہری جھنڈی دکھادی ہے۔ تقررات کے سلسلہ میں میرٹ میں موجود امیدواروں نے ہائی کورٹ سے رجوع ہوکر شکایت کی تھی کہ ان کے نام میرٹ لسٹ میں ہونے اور ان کے سلیکشن کے باوجود حکومت نے تقررات کے عمل کو روک رکھا ہے۔ امیدواروں کی جانب سے سینئر قانون داں این سرینواس نے عدالت کو تفصیلات سے واقف کرایا۔ عدالت نے سابق میں کئے گئے انتخاب کی بنیاد پر تقررات کا عمل مکمل کرنے کی منظوری دی ہے۔ اسی دوران بعض امیدواروں نے تقررات کے معاملہ میں ناانصافی کی شکایت کرتے ہوئے ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا۔ ہائی کورٹ نے ان کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے سابقہ طریقہ کار کے مطابق تقررات کی ہدایت دی۔ جسٹس جی رام کرشنا پرساد نے یہ فیصلہ سنایا۔ حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ آنگن واڑی سوپر وائزرس کے تقررات سابقہ طئے شدہ طریقہ کار کے مطابق کئے جارہے ہیں۔ہائی کورٹ کے احکامات کے نتیجہ میں تقریباً 600 سوپر وائزرس کی جائیدادوں پر تقررات ہوں گے۔ر