ہیمنت سورین کی گرفتاری کیخلاف دائر درخواست مسترد

   

رانچی: جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کی گرفتاری کے خلاف دائر درخواست کو مسترد کر دیا ہے ۔ہائی کورٹ نے آج یہ فیصلہ سنایا ہے ۔ عدالت کے اس فیصلے سے سورین کو بڑا دھچکا لگا ہے ۔قبل ازیں 28 فروری کو قائم مقام چیف جسٹس ایس چندر شیکھر اور جسٹس نونیت کمار کی ڈویژن بنچ نے اس معاملے میں سماعت مکمل کرنے کے بعد اپنا فیصلہ محفوظ رکھا تھا اور آج اپنا فیصلہ سنایا۔ملک کے سینئر وکیل کپل سبل اور ہائی کورٹ کے وکیل پیوش چتریش نے مسٹر سورین کی طرف سے بحث کی، جبکہ ایس وی راجو اور امیت داس نے ای ڈی کی طرف سے بحث کی۔واضح رہے کہ ہیمنت سورین نے اپنی گرفتاری کو چیلنج کرتے ہوئے جھارکھنڈ ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی تھی۔ سورین نے کہا کہ ان کے خلاف جو مقدمہ درج کیا گیا ہے وہ منی لانڈرنگ کا نہیں ہے جس زمین کی بات ای ڈی بات کر رہی ہے وہ کبھی ان کے نام نہیں تھی۔ سورین نے حکم محفوظ رکھنے کے بعد فیصلہ نہ سنائے جانے کے خلاف سپریم کورٹ میں عرضی بھی دائر کی ہے ۔ سپریم کورٹ نے اس پر ای ڈی سے جواب طلب کیا ہے ۔