اقوام متحدہ ۔ 13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں فلپائن کے مشن کی ایک سفارت کار خاتون کورونا وائرس سے متاثر ہو گئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں فلپائن کی ناظم الامور خاتون کیرا آزوچنا نے ایک مکتوب میں غیر ملکی مندوبین اور سینئر ذمے داران کو اس بات سے آگاہ کیا۔ آزوچنا کے مطابق فلپائن کے مشن میں شامل ایک خاتون سفارت کار کو منگل کے روز طبیعت خرابی کی شکایت ہوئی۔ اس پر جمعرات کے روز اْن کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ ہوا جس کانتیجہ مثبت آیا۔واضح رہے کہ گذشتہ برس دسمبر میں نمودار ہونے والے کورونا وائرس کے سبب سرکاری ذرائع کے مطابق جمعرات کی شام تک کم از کم 4923 افراد وفات پا چکے ہیں۔ اس وبا کے آغاز کے بعد سے 116 ممالک اور خطے اس کی لپیٹ میں آ چکے ہیں۔ یہاں مجموعی طور پر 131460 افراد اس مہلک وائرس سے متاثر ہوئے۔ دنیا بھر میں کورونا کے سبب 357 مزید اموات اور 7360 نئے کیس ریکارڈ کیے گئے۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جن ممالک نے سب سے زیادہ افراد کے وفات پانے کا اعلان کیا ان میں اطالیہ 189، ایران 75 اور اسپین 37 سرفہرست ہیں۔کورونا وائرس کے نمودار ہونے کے گڑھ چین میں اب تک مجموعی طور پر 80793 کیس سامنے آ چکے ہیں۔ ان میں سے 3169 افراد وفات پا گئے جب کہ 62793 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں یا ہو رہے ہیں۔