حیدرآباد۔/26 فروری، ( سیاست نیوز) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کی طالبہ انعم ظفر نے یو جی سی نیٹ جے آر ایف میں آل انڈیا فرسٹ رینک حاصل کرتے ہوئے یونیورسٹی کا نام روشن کیا ہے۔ شعبہ تعلیم و تربیت میں ایم ایڈ آخری سیمسٹر کی طالبہ انعم ظفر کی یونیورسٹی اور اہل علم حضرات نے بھرپور ستائش کی ۔ شاندار کامیابی پر شعبہ تعلیم و تربیت میں خصوصی تقریب میں انعم ظفر کو تہنیت پیش کی گئی۔ فیکلٹی اراکین، طلبہ اور یونیورسٹی کے عہدیداروں نے غیر معمولی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ اساتذہ نے انعم ظفر کو آئندہ تعلیمی اور تحقیقی سفر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کی محنت، استقامت اور علمی شوق کی ستائش کی۔ انعم ظفر کی شاندار کامیابی نوجوان ریسرچرس کیلئے ایک مثال ہے۔ شعبہ تعلیم و تربیت کی صدر پروفیسر شاہین اے شیخ نے کہا کہ انعم ظفر کی کامیابی مانو کی اعلیٰ تعلیمی اور تحقیقی روایت کا ثبوت ہے، اس سے طلبہ کو ترغیب ملے گی۔ یو جی سی نیٹ اور جے آر ایف میں نمایاں کارکردگی پر دیگر طلبہ کو بھی تہنیت پیش کی گئی۔ انعم ظفر نے اپنی کامیابی کو والدہ، اساتذہ اور خاندان کے دیگر افراد کی حوصلہ افزائی کا نتیجہ قرار دیا۔ وائس چانسلر پروفیسر عین الحسن نے بھی انعم ظفر کی شاندار کامیابی اور ملک بھر میں پہلا رینک حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔1