یورو زون میں افراط زر تاریخی حد تک زیادہ وجہ یوکرینی جنگ

   

کیف ۔ یورپی یونین کے کمیشن کے مطابق یوکرینی جنگ کے باعث یورپی مشترکہ کرنسی استعمال کرنے والے یورو زون میں افراط زر کی شرح اس سال تاریخی حد تک اضافہ کے بعد 7.6 فیصد ہو جائے گی اور اقتصادی ترقی کی شرح بھی کم رہے گی۔ یورپی یونین کے انتظامی بازو یورپی کمیشن کی طرف سے برسلز میں بتایا گیا کہ رواں برس یورپی مشترکہ کرنسی یورو استعمال کرنے والے 19 ممالک پر مشتمل یورو زون میں افراط زر کی شرح 7.6 فیصد کی ‘تاریخی حد‘ تک پہنچ جائے گی۔یہی نہیں بلکہ مشرقی یورپی ملک یوکرین پر روسی فوجی حملے کے ساتھ شروع ہونے والی جنگ کے اثرات ہی کے نتیجے میں یورو زون کے ممالک میں اقتصادی ترقی کی شرح رواں برس اور اگلے سال بھی واضح طور پر کم ہو جائے گی۔ یورپی کمیشن نے سال 2022ء میں افراط زر سے متعلق جو نئی پیش گوئی کی ہے، وہ اس حوالے سے گزشتہ اندازوں سے بھی بری صورت حال کی عکاسی کرتی ہے۔ پچھلے ماہ جون میں یورپی کمیشن نے کہا تھا کہ اس سال یورو زون میں افراط زر کی سالانہ اوسط 6.1 فیصد رہے گی۔ اب لیکن اس شرح میں مزید اضافہ کر کے اس کے 7.6 فیصد کی نئی ریکارڈ حد تک پہنچ جانے کا ذکر کیا گیا ہے۔