روزانہ ایک محکمہ کی کارکردگی پر پروگرامس،22جون کو یادگار شہیدان تلنگانہ کا چیف منسٹر افتتاح کریںگے
حیدرآباد۔/24 مئی، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ یوم تاسیس کی 2 جون سے 21 روزہ تقاریب کے پروگراموں کے شیڈول کو قطعیت دے دی ہے۔ اعلیٰ سطحی اجلاس میں چیف منسٹر نے2 جون تا 22 جون ریاست بھر میں منائی جانے والی تقاریب کے روزانہ کے شیڈول کو منظوری دے دی اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ پروگرام کے اہتمام میں کوئی کوتاہی نہ کریں۔ طئے شدہ شیڈول کے مطابق 2 جون کو چیف منسٹر 21 روزہ تقاریب کا افتتاح کریں گے۔ گن پارک پر شہیدان تلنگانہ کو خراج پیش کرنے کے بعد چیف منسٹر سکریٹریٹ کے احاطہ میں قومی پرچم لہرائیں گے اور خطاب کریں گے۔ ریاستی وزراء اضلاع میں پروگرام میں شرکت کریں گے۔ 3 جون کو تلنگانہ فارمرس ڈے منایا جائے گا۔ محکمہ زراعت کی جانب سے رعیتو ویدیکاس کے تحت مختلف پروگرام منعقد کئے جائیں گے اور زرعی شعبہ کیلئے حکومت کے اقدامات کی تفصیلات سے عوام کو واقف کرایا جائے گا۔ 4 جون کو ’سیفٹی ڈے‘ ( سُرکھشا دیوس ) منایا جائے گا۔ محکمہ پولیس کی جانب سے ریاست میں امن و ضبط کی برقراری کی تفصیلات پر مبنی پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔ فرینڈلی پولیسنگ اور دیگر اقدامات کی ریاستی اور ضلعی سطح پر وضاحت کی جائے گی۔ 5 جون کو محکمہ برقی کے کارناموں کے دن کے طور پر منایا جائے گا۔ محکمہ توانائی کی جانب سے کسانوں اور صارفین کے اجلاس طلب کئے جائیں گے۔ ریاستی سطح کا اجلاس حیدرآباد کے رویندرا بھارتی میں منعقد ہوگا۔ 6 جون کو ’صنعتی ترقی‘ کے دن کے طور پر منایا جائے گا۔ صنعتی علاقوں اور آئی ٹی کاریڈارس میں پروگرامس ہوں گے۔ 7 جون کو ’ یوم آبپاشی‘ کے طور پر مناتے ہوئے ہر اسمبلی حلقہ میں آبپاشی شعبہ کی ترقی پر جلسے منعقد ہوں گے۔ 8 جون کو ہر گاؤں میں ذخائر آب کے تحفظ کے طور پر منایا جائے گا جس کے تحت مختلف کلچرل پروگرامس منعقد کئے جائیں گے۔ 9 جون کو بہبودی کے پروگراموں کی تقاریب کے طور پر منایا جائے گا۔ آسرا پنشن، کلیان لکشمی اور دیگر فلاحی اسکیمات کے استفادہ کنندگان کے ساتھ اجلاس منعقد ہوں گے۔ ریاستی سطح کا پروگرام رویندرا بھارتی میں ہوگا۔ 10 جون کو ’ گڈ گورننس ڈے‘ کے تحت تمام اضلاع میں پروگرامس منعقد ہوں گے۔11 جون کو ’ تلنگانہ لٹریچر ڈے ‘ کے تحت ضلع واری سطح پر کوی سمیلن اور دیگر تہذیبی و ثقافتی پروگرامس ہوں گے۔ 12 جون کو’ تلنگانہ رن ‘ کے تحت پولیس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے دوڑ کا اہتمام کیا جائے گا جس میں طلبہ، نوجوان اور عوامی نمائندے شرکت کریں گے۔ 13 جون کو’ ویمنس ویلفیر ڈے‘ 14 جون کو ’ تلنگانہ میڈیکل ڈے ‘ منایا جائے گا۔ 15 جون کو ’ پلے پرگتی ڈے ‘ 16 جون ’ پٹنا پرگتی ڈے‘ 17 جون ’ ٹرائیبل فیسٹول ‘ 18 جون ’ ڈِرنکنگ واٹر فیسٹول ‘ 19 جون ’ تلنگانہ گرین فیسٹول ‘ اور 20 جون کو ’ تلنگانہ ایجوکیشن ڈے‘ منایا جائے گا۔ 21 جون کو ’ تلنگانہ یوم روحانی ‘ کے تحت منادر، مساجد ، چرچس اور دیگر مذہبی مقامات پرپروگرامس رہیں گے۔ 22 جون کو شہیدان تلنگانہ کا یادگاری دن منایا جائے گا اور تمام دیہاتوں ، ٹاؤنس اور اسکولوں میں شہیدان تلنگانہ کو خراج پیش کرتے ہوئے خاموشی منائی جائے گی۔ ٹینک بنڈ پر ریالی منظم کی جائے گی اور چیف منسٹر کے سی آر نوتعمیر شدہ یادگار شہیدان تلنگانہ کا افتتاح کریں گے۔ وزراء اور ارکان اسمبلی اپنے متعلقہ اسمبلی حلقوں میں شہیدان تلنگانہ کو خراج پیش کریں گے۔ر