نئی دہلی: یوم جمہوریہ کی تقریب کے موقع پر قومی دارالحکومت میں زمین سے لے کر آسمان تک چاروں طرف سکیورٹی کے پختہ انتظامات کئے گئے ہیں اور اس کے لئے ہزاروں مسلح جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے ۔دہلی پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ یوم جمہوریہ کے پیش نظر قومی دارالحکومت میں چپے چپے کی نگرانی کرکے سکیورٹی انتظامات چاک چوبند کئے گئے ہیں۔ یوم جمہوریہ کی تقریب کے ساتھ ساتھ کسانوں کی ٹریکٹر ریلی کے لئے بھی سکیورٹی کے فل پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ کسانوں کی تحریک میں گڑبڑی کرنے کے سلسلے میں پاکستان کی جانب سے چلائے گئے 308 ٹویٹر ہینڈل سے ملے انپٹ کے پیش نظر پولیس کے سامنے چیلنج مزید بڑھ گئے ہیں۔ دہلی پولیس کا خیال ہے کہ یہ اس کے لئے بہت ہی چیلنجنگ کام ہے ،لیکن وہ پوری طرح تیار ہے ۔ مکمل طریقے سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دارالحکومت میں کرائے داروں اور نوکروں کی جانچ، سرحد پر جانچ،پرانی کاروں کی خرید فروخت کرنے والے ڈیلروں اور سم کارڈ ڈیلروں کی جانچ کرنے جیسے دہشت گردی مخالف اقدامات مسلسل کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے اسٹیشن،میٹرو اسٹیشن ،ہوائی اڈا اور بس ٹرمینل پر بھی سکیورٹی سخت کی گئی ہے ۔اسی سلسلے میں تھانہ سطح پر میٹنگ کرکے علاقے کے ہوٹلوں ،گیسٹ ہاؤس اور دیگر اداروں کے گارڈ کو اور زیادہ چوکس رہنے کے لئے الرٹ جاری کیا ہے ۔ہوٹل کے ملازمین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ احاطے میں کسی بھی مشتبہ شخص یا سرگرمی کی فوراً اطلاع دیں۔سکیورٹی انتظامات کے لئے تیاریوں کو پورا کرنے کے لئے مارکٹ یونین کے ساتھ بھی میٹنگیں کی گئی ہیں۔ سکیورٹی یقینی بنانے کے لئے بھیڑ والے مقامات،بازاروں اور مال پر سخت نگرانی کی جارہی ہے ۔دہلی پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس یوم جمہوریہ کی تقریب میں داخلہ صرف دعوت نامے / ٹکٹ کے ذریعہ ہی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جن کے پاس باضابطہ کارڈ/ پاس نہیں ہے وہ یوم جمہوریہ کی تقریب کا براڈ کاسٹ گھر سے ہی دیکھیں۔اس کے ساتھ ہی 15 برس سے کم عمر کے بچوں کا داخلہ ممنوع ہے ۔واضح رہے کہ یوم جمہوری کی پریڈ پہلی بار تاریخی لال قلعہ تک نہیں جائے گی۔ کورونا انفیکشن کے پیشن نظر ایسا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ہر سال پریڈ راج پتھ سے شروع ہوکر لال قلعہ تک کی 8.2 کلومیٹر کی دوری طے کرتی تھی۔ اس بار راج پتھ سے چل کر انڈیا گیت کے نیشنل اسٹیڈیم تک ہی صرف 3.3 کلومیٹر تک ہی پریڈ جائے گی۔ ہر جتھے میں 144 اہلکار شامل ہوتے تھے ۔ اس بار ہر جتھے میں 96 اہلکار ہی شامل رہیں گے ۔ اس کے ساتھ ہی پریڈ دیکھنے کا موقع بھی اس بار کم لوگوں کو ملے گا۔ جہاں ہر سال یوم جمہوریہ کی پریڈ دیکھنے کے لئے قریب ایک لاکھ لوگ موجود رہتے تھے ،وہیں اس بار 25 ہزار لوگ ہی موجود رہیں گے ۔