لکھنؤ 7فروری(سیاست ڈاٹ کام ) اترپردیش کی یوگی حکومت نے جمعرات کو مالی سال 2019-20 لئے 4 لاکھ 79 ہزار 701 کروڑ روپئے کا بجٹ پیش کیا ہے ۔وزیر خزانہ راجیش اگروال نے ریاستی اسمبلی میں اپنی حکومت کے میعاد کار کا تیسرا بجٹ پیش کیا جو گذشتہ مالی سال کے مقابلے میں 12 فیصد زیادہ ہے ۔ اس بار کے بجٹ میں 21 ہزار 212 کروڑ 95 لاکھ روپئے (21212.95 کروڑ روپئے ) نئی اسکیموں کے لئے مختص کئے گئے ہیں۔ اپنے بجٹ میں وزیر خزانہ نے کہا کہ ترقی کو رفتار دینے کے ساتھ ساتھ غریبوں، نوجوانوں اور کسان سمیت سماج کے سبھی طبقات کے لئے ریاستی بجٹ میں معقول سہولیات و راحت فراہم کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایکسپریس وے کی تعمیر کو رفتار دینے کے لئے بجٹ میں خصوصی انتظام کیا گیا ہے جس کے تحت پورانچل ایکسپریس وے کے لئے 1194 کروڑ، بلند یل کھنڈ ایکسپریس وے کے لئے 1000 کروڑ، گورکھپور لنک ایکسپریس وے کے لئے 1000 کروڑ، دفاعی کاریڈور کے لئے 500 کروڑ، آگرہ لکھنؤ ایکسپریس وے کی چھ لین کے لئے 100 کروڑ روپئے منظور کئے گئے ہیں۔وزیر خزانہ نے کہا کہ اسمارٹ سٹی اسکیم کے تحت 758 کروڑ روپئے کا انتظام کیا گیا ہے ۔ جبکہ سوچھ گرامین مشن کے تحت 58 ہزار 770 گرام پنچایتوں کو کھلے میں رفع حاجت سے پاک کردیا گیا ہے ۔ متھرا ورنداون کے درمیان آڈیٹوریم کی تعمیر کے لئے آٹھ کروڑ 38 لاکھ روپئے کا نظم کیا گیا ہے ۔ عوامی رام لیلا مقامات پر چہار دیوار ی تعمیر کے لئے 50 کروڑ کا نظم کیا گیا ہے جبکہ ورنداون ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کو ایک کروڑ دئے گئے ہیں۔ اگروال نے کہا کی اقلیتی برادری کے طلبا و طالبات کو وظیفہ اسکیم کے لئے 942 کروڑ روپئے ، عربی فارسی مدارس کی تجدید کاری کے لئے 459 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں۔اس کے علاوہ سماجی فلاح و بہبود کے تحت مختلف طبقات کے غریب طلباو طالبات کے وظیفہ اسکیم کے لئے کل 4433 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں جس میں درج فہرست اقوام کے طلبا وطالبات کے لئے 2037 کروڑ روپئے ، پسماندہ طبقات کے لئے 1516 کروڑ روپئے ، جنرل زمرے کے لئے 850 کروڑ روپئے اور درج فہرست قبائل کے لئے 30 کروڑ روپئے کا بندوبست کیا گیا ہے۔